آر ایس ایس نے ’کسان تحریک‘ پر توڑی خاموشی، رپورٹ-2021 میں کہی کئی باتیں!

آر ایس ایس نے رپورٹ-2021 میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ کچھ ملک مخالف طاقتیں گڑبڑی اور عدم استحکام کا ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ وہ اپنی سیاسی خواہشات کو حاصل کر سکیں۔‘‘

کسان تحریک / آئی اے این ایس
کسان تحریک / آئی اے این ایس
user

تنویر

آر ایس ایس نے جمعہ کے روز دعویٰ کیا کہ ’ملک مخالف‘ اور ’غیر سماجی‘ طاقتیں مرکز کے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں سرگرم ہیں۔ ساتھ ہی اس نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی مظاہرہ کا بہت طویل عرصہ تک جاری رہنا کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔ یہ باتیں آر ایس ایس نے اپنی ایک رپورٹ میں کہی ہیں۔

ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس نے رپورٹ-2021 میں کسان تحریک کے تعلق سے کئی باتیں کہی ہیں اور اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’کسی بھی طرح کی تحریک طویل عرصہ تک چلے، یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ مذاکرہ ضروری ہے، لیکن یہ مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کے تحت ہونا چاہیے۔ ممکن ہے کہ سبھی ایشوز پر اتفاق رائے نہ بن پائے، لیکن کسی نہ کسی حل پر پہنچنا بھی ضروری ہے۔‘‘


آر ایس ایس کا کہنا ہے کہ یہ فکر کا باعث ہے کہ مظاہروں کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور مسئلہ مزید سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ بہت سنگین ہو جاتا ہے جب ملک مخالف اور غیر سماجی طاقتیں حل نکالنے کی کوششوں کو ناکام کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ساتھ ہی آر ایس ایس نے کسان لیڈروں کو آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس وقت ہو رہے مظاہرے کی قیادت کو ایسے حالات نہیں بننے دینے چاہئیں۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے آر ایس ایس رپورٹ-2021 میں یہ بھی لکھتا ہے کہ ’’ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ کچھ وقت سے ایسی ملک مخالف طاقتیں ملک میں گڑبڑی اور عدم استحکام کا ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ وہ اپنی سیاسی خواہشات کو حاصل کر سکیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا جس کا حل نہ ہو، ضرورت ہے تو بس سنجیدہ کوششوں کی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔