ہندوستان کی یک روزہ ٹیم میں محمد سراج شامل، کئی نئے کھلاڑیوں کا بھی انتخاب

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پونے میں آئندہ 23 مارچ سے ایک روزہ سیریز شروع ہورہی ہے۔ 23 مارچ کو پہلا، 26 کو دوسرا اور 28 مارچ کو تیسرااورآخری ون ڈے مقابلہ کھیلا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: سوریہ کمار یادو، پرسدھ کرشنا اورکرونال پانڈیا کوانگلینڈ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے لئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ تینوں کو ان کی حالیہ کارکردگی کے پیش نظر ٹیم میں شامل کرکے ایک روزہ ڈیبیوکا موقع دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے خلاف اور ہندوستان میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرنے والے محمد سراج کو بھی انگلینڈ کے خلاف یک روزہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

چیتن شرما کی سربراہی میں آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے جمعہ کوانگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا، جس میں نوجوان میڈیم تیز گیندباز پرسدھ کرشنا، بلے باز سوریہ کماریادو اور آل راونڈر کرونال پانڈیا کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ حال ہی میں اختتام پذیر آسٹریلیا دورے کے لئے منتخب ہوئے کئی کھلاڑی اس فہرست سے باہر ہیں۔ اس میں جسپریت بمراہ، محمد شامی اورروندرجڈیجہ جیسے بہتری کھلاڑیوں کا نام شامل نہیں ہے۔


آئی پی ایل میں کولکاتا نائٹ رائڈرز کے لئے کھیلنے والے پرسدھ کرشنا نے حال ہی میں اختتام پذیر وجئے ہزارے ٹرافی ایک روزہ ٹورنامنٹ میں 14 وکٹوں کے ساتھ رن بھی بنائے ہیں۔ وہیں سوریہ کماریادونےگھریلوسرکٹ اورآئی پی ایل میں شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ اس کی بدولت انہیں 18 مارچ کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی-20 میچ میں کھیلنے کا موقع ملا، جس میں انہوں نے شاندار نصف سنچری بنائی۔

سوریہ کمار یادو نے وجئے ہزارے ٹرافی ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پانچ میچوں میں66.40 کی اوسط کے ساتھ کل 332 رن بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اوردونصف سنچری شامل ہے۔ کرونال پانڈیا کا بھی وجئے ہزارے ٹرافی ٹورنامنٹ شانداررہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں بڑودہ کی جانب سے بطور کپتان کرونال نے دوناٹ آوٹ سنچریوں سمیت دونصف سنچری اسکورکی ہے۔ توقع ہے کہ کرونال ٹیم میں روندرجڈیجہ کی کمی پوری کریں گے، جو ابھی تک چوٹ سے ابرنہیں پائے ہیں۔


ہندوستان کی 18 رکنی ٹیم: وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھردھون، شبھمن گل، شریس ایئر، سوریہ کمار یادو، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، لوکیش راہل (وکٹ کیپر)، یزویندر چہل، کلدیپ یادو، کرونال پانڈیا، واشنگٹن سندر، ٹی نٹراجن، بھونیشور کمار، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، شاردل ٹھاکر۔

اس درمیان وجئے ہزارے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ٹاپ دوبلے بازوں پرتھوی شا اور دیودت پاڈیکل کو ٹیم میں جگہ نہیں مل پائی ہے، کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے پاس پہلے ہی کئی اوپنر متبادل موجود ہیں، جس میں سب سے اہم روہت شرما ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے باہر رہنے کے بعد ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔


اس کے علاوہ ٹیم کے پاس شکھردھون، شبھمن گل اورلوکیش راہل جیسے اوپنرموجود ہیں۔ دسمبر 2019 سے مسلسل چوٹوں سے جوجھنے کے سبب بین الاقوامی کرکٹ سے کافی وقت تک دور رہنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف موجودہ ٹی-20 میں واپسی کرنے والے تجربہ کار تیزگیندباز بھونیشور کمارکو بھی ایک روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ٹیم میں محمد سراج اورشاردل ٹھاکر کی شکل میں بھی تیزگیندباز کے متبادل موجود ہیں۔ اسپن گیندبازی میں یزویندرچہل، کلدیپ یادو، واشنگٹن سندر اورکرونال جیسے گیندبازہیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پونے میں آئندہ 23 مارچ سے ایک روزہ سیریز شروع ہورہی ہے۔ 23 مارچ کو پہلا، 26 کو دوسرا اور 28 مارچ کو تیسرااورآخری ون ڈے مقابلہ کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔