یوپی: کانپور میں پنجاب نیشنل بینک کی لاپروائی سے سڑ گئے 42 لاکھ روپے کے نوٹ، 4 افسران معطل

بینک انتظامیہ نے چیسٹ میں رقم کی کمی کا حوالہ دے کر چار افسران کو معطل کیا ہے۔ کسی بھی بینک میں یہ اپنی طرح کا عجیب و غریب معاملہ ہے۔ بینک افسر اس سلسلے میں کچھ بھی بولنے سے پرہیز کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانپور کے پانڈو نگر واقع پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) میں بڑی لاپروائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں پر کرنسی چیسٹ میں رکھے 42 لاکھ روپے بھیگ کر سڑ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے بینک کے چار افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل افسران کی جگہ پر نئے افسران اور ملازمین کی تعیناتی بھی عمل میں آ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تین ماہ قبل نوٹ سڑنے کا یہ معاملہ بینک افسران نے دبا دیا تھا، لیکن آڈٹ میں اس کا انکشاف ہوا اور پھر کارروائی عمل میں آئی۔

بتایا جاتا ہے کہ بینک انتظامیہ نے چیسٹ میں رقم کی کمی کا حوالہ دے کر چار افسران کو معطل کیا ہے۔ کسی بھی بینک میں یہ اپنی طرح کا عجیب و غریب معاملہ ہے۔ بینک افسر اس سلسلے میں کچھ بھی بولنے سے پرہیز کر رہے ہیں۔ حالانکہ دو دن قبل چیسٹ روم کی ذمہ داری سنبھالنے والے پون چوپڑا نے کیمرے پر تو کچھ نہیں بولا لیکن بتایا کہ نوٹ سڑنے کے واقعہ کے بعد چار لوگوں کو معطل کیا گیا ہے۔ چیسٹ روم میں بارش کا پانی لیک ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ پیش آیا۔


’اے بی پی لائیو‘ میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانڈو نگر واقع پی این بی برانچ کی کرنسی چیسٹ میں رکھے 42 لاکھ روپے سیلن سے سڑ گئے جس کی آج جانچ کرنے کے لیے بنارس سے بھی ایک ٹیم آئی ہوئی ہے۔ دراصل تین ماہ پہلے ہوئے معاملے میں بینک کے افسران نے کسی کو بھی اس کی جانکاری نہیں ہونے دی۔ جولائی ماہ کے آخر میں آر بی آئی نے کرنسی چیسٹ کا آڈٹ کیا تو معاملہ سامنے آیا۔ سینئر منیجر کرنسی چیسٹ دیوی شنکر سمیت چار افسران کو جانچ کے بعد معطل کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔