سڑک حادثات: آندھرا پردیش میں 4 اور اتر پردیش میں 6 افراد جاں بحق

آندھرا پردیش میں بس کے ٹرک سے ٹکرانے کی وجہ سے موقع پر ہی 4 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ اتر پردیش میں بس نے ٹریکٹر کو ٹکر مار دی جس میں 6 افراد کی جان چلی گئی۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

آئی اے این ایس

آندھرا پردیش کے کاکی ناڈا ضلع میں ایک بس کے کھڑے ٹرک سے ٹکرا جانے سے 4 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ یہ دردناک واقعہ قومی شاہراہ پر پرتھی پاڈو منڈل میں پدلمّا مندر کے قریب پیش آیا۔ دوسری طرف اترپردیش کے جونپور میں بھی ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک بس کے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا جانے کے سبب 6 افراد کی موت ہو گئی۔

پولیس کے مطابق ایک ٹرک جو اڈیشہ سے باپٹلا کی طرف جا رہا تھا، اس کا ٹائر پنکچر ہو گیا تھا اور ڈرائیور نے گاڑی کو سڑک کے کنارے روک دیا تھا۔ اسی دوران آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کی بس وشاکھاپٹنم سے راجہ مہندر ورم جا رہی تھی اور ٹرک کے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ اس ٹکر کی وجہ سے ٹرک کے پنکچر درست کرنے والے 3 افراد اور 1 راہگیر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی اور راجہ مہندر ورم پہنچ گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔


دوسری طرف اترپردیش کے جونپور میں ایک بس کے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا جانے سے 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ یہ حادثہ جونپور ضلع میں اتوار کی نصف شب کے قریب اتر پردیش روڈ ویز کی بس کے ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا جانے سے ہوا۔ حادثہ سمادھ گنج کے قریب ہوا جب روڈ ویز کی بس پریاگ راج سے جونپور آ رہی تھی۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں سے 5 کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چھٹے شخص کی ضلع ہسپتال میں علاج کے دوران موت ہوئی۔ یہ سبھی مزدور تھے جو علیشا پور گاؤں کے رہنے والے تھے اور ٹریکٹر ٹرالی پر سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی مزدوروں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔