ہندوستان نے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیریز پر کیا قبضہ، جوریل پلیئر آف دی میچ قرار

ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 192 رن بنانے تھے، ایک وقت ہندوستان کا اسکور 5 وکٹ پر 120 رن ہو گیا تھا اور ٹیم مشکل میں تھی، لیکن گل-جوریل کی ناٹ آؤٹ 72 رنوں کی شراکت داری سے جیت مل گئی۔

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل اور دھرو جوریل، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

شبھمن گل اور دھرو جوریل، تصویر@BCCI

user

تنویر

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ آج ہندوستان نے 5 وکٹ سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں نہ صرف 1-3 کی سبقت بنا لی ہے، بلکہ اس سیریز پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔ ایک وقت ہندوستانی ٹیم مشکل میں نظر آ رہی تھی جب 120 رن پر 5 وکٹ گر گئے تھے اور جیت کے لیے 72 رن باقی تھے۔ ایسے میں شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 52 رن) اور دھرو جوریل (ناٹ آؤٹ 39 رن) نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو جیت کی دہلیز کے پار پہنچا دیا۔

آج چوتھے ٹیسٹ میچ کا چوتھا دن شروع ہوا تو ہندوستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 40 رن تھا، یعنی دوسری اننگ میں ضروری 192 رن میں سے 152 رن بنانے کی ضرورت تھی۔ کپتان روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے ہندوستان کو بہترین شروعات دی اور اس شراکت داری کو 84 رن پر پہنچایا تھا جب جو روٹ نے یشسوی جیسوال کو اینڈرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ یشسوی نے 44 گیندوں پر 37 رن بنائے۔ اس کے بعد روہت شرما نے 81 گیندوں پر 55 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی جنھیں ٹام ہارٹلی نے اسٹمپ آؤٹ کرا دیا۔ پھر رجت پاٹیدار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد رویندر جڈیجہ و شبھمن گل کے درمیان بھی محض 20 رنوں کی ہی شراکت داری ہوئی۔ جڈیجہ 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور سرفراز خان بھی پہلی ہی گیند پر شعیب بشیر کا شکار بن گئے۔ اس طرح ہندوستان کے 5 وکٹ 120 رن پر گر گئے اور ٹیم مشکل میں دکھائی دینے لگی۔


ایسے وقت میں شبھمن گل ایک طرف انتہائی سنبھل کر کھیل رہے تھے اور ان کا بہترین ساتھ وکٹ کیپر بلے باز دھرو جوریل نے دیا۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں نے بغیر کوئی رِسک لیے سنگل-ڈبل لیتے رہے اور ٹیم کو جیت کے نزدیک پہنچا دیا۔ ایک وقت جب ہندوستان کو جیت کے لیے 20 رنوں کی ضرورت تھی تو شعیب بشیر کے ایک اوور میں شبھمن گل نے 2 چھکا لگا کر ٹیم کو جیت کے مزید نزدیک بھی پہنچا دیا اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔ اس کے بعد جیت کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا کیونکہ ٹام ہارٹلی کے اوور کی دوسری گیند پر دھرو جوریل نے چوکا لگایا اور آخری گیند پر 2 رن بنا کر ٹیم کو جیت دلا دی۔ شبھمن گل 52 رن بنا کر اور دھرو جوریل 39 رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ جوریل نے چونکہ پہلی اننگ میں بھی انتہائی اہم 90 رن بنائے تھے اس لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دوسری اننگ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے شعیب بشیر نے متاثر کن گیندبازی کی۔ انھوں نے 26 اوورس میں 79 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 1-1 وکٹ جو روٹ (7 اوورس میں 26 رن) اور ٹام ہارٹلی (25 اوورس میں 70 رن) کو ملے۔ جیمس اینڈرس نے دوسری اننگ میں محض 3 اوورس کیے جس میں انھوں نے 12 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔