پانچ اراکین کے پارٹی چھوڑنے سے آرجے ڈی قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کےعہدہ سے محروم

آرجے ڈی کے کل آٹھ میں سے پانچ اراکین پارٹی سے الگ ہو کر جے ڈی یو میں شامل ہوگئے ۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے پانچ اراکین کونسل کے پارٹی سے الگ ہوکر بہار میں حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) میں شامل ہوجانے کے ساتھ ہی کونسل میں آرجے ڈی سے اپوزیشن کا عہدہ چھن گیا ہے ۔ دوسری جانب آر جے ڈی کے سینئیر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر رگھونش پرساد نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

آرجے ڈی کے کل آٹھ میں سے پانچ اراکین پارٹی سے الگ ہو کر جے ڈی یو میں شامل ہوگئے ۔ آرجے ڈی قانون ساز پارٹی کی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی کونسل میں اپوزیشن کی لیڈر کے عہدہ پر تھیں لیکن آرجے ڈی کے پانچ اراکین کے جے ڈی یو میں شامل ہونے کے ساتھ ہی ان سے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھن گیا ہے ۔


واضح رہے کہ آرجے ڈی کے سنجے پرساد ، رادھا چرن ساہ ، دلیپ رائے اور رن وجے کمار سنگھ اور قمرعالم جے ڈی یو میں شامل ہوگئے ۔ 75 رکنی قانون ساز کونسل میں اب جے ڈی یو کے 20 ، بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے 17 ، آرجے ڈی کے تین کانگریس کے دو ، لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) کے ایک ، ہندوستان عوام مورچہ ( ہم ) کے ایک اور دو آزاد رکن ہیں جبکہ 29 سیٹیں خالی ہیں۔

ضابطے کے مطابق ایوان میں اپوزیشن لیڈر ہونے کیلئے کل سیٹ کا 10 فیصد یعنی کم سے کم آٹھ سیٹ ہونی چاہئے لیکن آرجے ڈی کے پاس اب تین اراکین مسز رابڑی دیوی ، رام چندر پوربے اور سبودھ رائے ہی رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے پارٹی سے اپوزیشن کا عہدہ چھن گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔