یو پی ایس سی کی سابقہ ٹاپر ٹینا ڈابی کی بہن ریا ڈابی کی بڑی کامیابی، ملک بھر میں 15واں مقام حاصل

ریا ڈابی نے ’لیڈی شری رام کالج‘ سے گریجویشن کیا ہے، گریجویشن کے ساتھ ہی انہوں نے یو پی ایس سی کی تیاری شروع کر دی تھی۔

اپنی بہن ٹینا ڈابی کے ساتھ ریا ڈابی (دائیں جانب) / تصویر آئی اے این ایس
اپنی بہن ٹینا ڈابی کے ساتھ ریا ڈابی (دائیں جانب) / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یو پی ایس سی نے سول سروسز 2020 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ شبھم کمار نے اس مرتبہ سول سروسز امتحان کو ٹاپ کیا ہے، جبکہ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ وہیں یو پی ایس سی امتحان کی سابقہ ٹاپر ٹینا ڈابی کی بہن ریا ڈابی نے بھی اس مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے، انہوں نے یو پی ایس سی کے نتائج میں 15 واں مقام حاصل کیا ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن نے ملک کی بیوروکریسی میں تقرری کے لیے کل 761 امیدواروں کے ناموں کی سفارش کی ہے۔

اپنے والدین کے ساتھ ریا ڈابی / آئی اے این ایس
اپنے والدین کے ساتھ ریا ڈابی / آئی اے این ایس

ریا ڈابی نے ’آئی اے این ایس‘ کو ایک خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ’’میں بہت خوش ہوں اور مجھے بہتر محسوس ہو رہا ہے۔ مجھے امید نہیں تھی کہ ایسا ہوگا، کیونکہ میرا خیال ہے کہ ایک امیدوار کو یہاں تک پہنچنے کے لئے ایک مکمل سفر طے کرنا ہوتا ہے۔ آپ کو اسکول اور کالج سے ہی تیاری کرنی ہوتی ہے۔‘‘


ریا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر میں روزانہ تقریباً 10 گھنٹے تیاری کو دیتی تھی۔ انہوں نے ’لیڈی شری رام کالج‘ سے گریجویشن کیا ہے۔ گریجویشن کے ساتھ انہوں نے یو پی ایس سی کی تیاری شروع کر دی تھی۔ ریا نے مزید بتایا کہ انہوں نے یو پی ایس سی امتحان کے لیے کوچنگ بھی لی تھی۔ فی الحال ریا اپنے خاندان کے ساتھ بی ایس این ایل کالونی، کالی باڑی مارگ، دہلی میں رہتی ہیں۔

اپنے تجربے کو مزید شیئر کرتے ہوئے ریا ڈابی نے کہا کہ بہن کی وجہ سے ایک دباؤ تو ہوتا ہے، کیونکہ لوگ بولتے ہیں۔ لیکن میرے اہل خانہ کی طرف سے کبھی کوئی دباؤ نہیں تھا۔ انہوں نے ہمیشہ کہا کہ آپ سے جتنا ہوسکے کریں، اس کی وجہ سے بھی مجھے کافی مدد ملی۔


انہوں نے کہا کہ ’’بچپن سے ہی میری والدہ کا خواب تھا کہ دونوں بہنیں ایک ہی پیشے میں جائیں لیکن جب میری بہن منتخب ہو گئی تو میرا حوصلہ مزید مضبوط ہوا۔ ریا کے مطابق، کورونا کے پیش نظر امتحان ملتوی ہونے سے شروع میں کچھ مایوسی ہوئی لیکن پھر انہوں نے وقت کا استعمال اپنی تیاری میں کیا۔

خیال رہے کہ ریا ڈابی کی بڑی بہن ٹینا ڈابی اس وقت راجستھان میں آئی اے ایس ہیں۔ ٹینا نے 2015 کے سول سروسز امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔