سری نگر میں طیاروں کی گونج، جھیل ڈل کی فضا میں ’ایئر شو‘ کی تیاریاں مکمل

ایک سرکاری ترجمان کے مطابق اس شو کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا یہاں جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر سے ہری جھنڈی دکھائیں گے۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

سری نگر: شہرہ آفاق جھیل ڈل کی فضا میں 'ایئر شو' کے انعقاد کی تیاریوں کے پیش نظر جنگی جہازوں کی ریہرسل کا سلسلہ ہفتے کو بھی جاری رہا، جس کے باعث سری نگر کے فضاؤں میں جہازوں کی گونج سے لوگ ششدر ہو کر رہ گئے۔ انڈین ایئر فروس کی جانب سے 26 ستمبر یعنی اتوار کو شہرہ آفاق جھیل ڈل کی فضا میں ایک 'ایئر شو' کا اہتمام ہو رہا ہے۔ یہ شو 'آزادی کا امرت مہا اتسو' منانے کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

ایک سرکاری ترجمان کے مطابق اس شو کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا یہاں جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر سے ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس شو میں مختلف جنگی جہاز اپنی کرتب بازی کی نمائش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شو کا بنیادی مقصد وادی کشمیر کے نوجوانوں کو انڈین ایئر فورس میں داخل ہونے کی طرف راغب کرانا ہے۔


موصوف ترجمان نے کہا کہ اس پروگرام میں زائد از تین ہزار طلبا کی شرکت متوقع ہے جو انڈین ایئر فورس کی پُر اثر کرتب بازی دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبا کے علاوہ سات سو اساتذہ بھی اس موقعے پر موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس شو سے طلبا کو اپنے خوابوں کی دنیا کو پورا کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ اس شو کے دوران طلبا کو انڈین ایئر فورس کی طرف سے کی جانے والی نئی تکنیکی حصولیابیوں سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کو اس موقعے پر انڈین ایئر فورس میں روزگار کے مواقع کی جانکاری بھی فراہم کی جائے گی انہیں اس کے بھرتی قوانین کی بھی واقفیت کرائی جائے گی۔ دریں اثنا سری نگر میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ اس نمائش میں انڈین ایئر فورس کے مختلف جہاز 'فلائی پاسٹ' کا کرتب بھی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ایک تصویری نمائش بھی کی جائے گی جس میں انڈین ایئر فورس کی تاریخ کو دکھایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔