کووڈ-19 کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں میں نرمی پر ہو نظر ثانی: وزیر اعظم

وزیر اعظم نریندر مودی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستان میں بین الاقوامی پروازیں کھولنے کے منصوبے کا جائزہ لیں اور اس سمت میں احتیاط سے آگے بڑھیں۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: افریقہ میں ملے کورونا کے نئے ویریئنٹ کے سبب عالمی سطح پر پھیلے خوف کے درمیان ہفتے کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کووڈ-19 وبا کی موجودہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کے عنوان پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ پی ایم مودی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستان میں بین الاقوامی پروازیں کھولنے کے منصوبے کا جائزہ لیں اور اس سمت میں احتیاط سے آگے بڑھیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس میٹنگ میں پی ایم مودی کو کووڈ-19 کی نئی افریقی شکل کے بارے میں بتایا گیا، جسے عالمی ادارہ صحت نے اومیکرون کا نام دیا ہے۔ بیان کے مطابق پی ایم مودی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نئے خطرے کے پیش نظر بچاؤ پر زیادہ توجہ دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے ابھرتے ہوئے شواہد (کووڈ-19 کی نئی شکل) کے پیش نظر بین الاقوامی سفر پر پابندیوں میں نرمی کے منصوبے کا جائزہ لیں‘۔


میٹنگ میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ وبا کے نئے خطرے کے پیش نظر عوام کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے جیسے کہ ماسک پہننا اور عوامی مقامات پر ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھنا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’خطرے میں پڑنے والے ممالک‘ سے آنے والے ہر مسافر کا اعلان کردہ قوانین اور ہدایات کے مطابق سختی سے طبی معائنہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔