اکتوبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر ہوئی 4.48 فیصد، سرکاری اعداد و شمار جاری

گزشتہ کچھ ماہ میں خوردہ مہنگائی شرح میں معمولی گراوٹ درج ہو رہی تھی، جس کے بعد یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ اکتوبر ماہ میں بھی خوردہ مہنگائی کی شرح میں گراوٹ درج کی جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اکتوبر 2021 میں خوردہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 4.48 فیصد ہو گئی ہے۔ گزشتہ مہینے یعنی ستمبر میں شرح 4.35 فیصد تھی۔ اس سے قبل یعنی اگست کے مہینے میں 5.3 فیصد مہنگائی شرح درج کی گئی تھی۔ امید کی جا رہی تھی کہ ستمبر کے بعد اکتوبر ماہ میں بھی مہنگائی کی شرح کم ہوگی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اکتوبر ماہ میں خوردہ مہنگائی کی شرح سے متعلق سرکاری اعداد و شمار جمعہ کے روز جاری کیا گیا۔

گزشتہ کچھ ماہ میں خوردہ مہنگائی شرح میں معمولی گراوٹ درج ہو رہی تھی، جس کے بعد یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ اکتوبر ماہ میں بھی خوردہ مہنگائی کی شرح میں گراوٹ درج کی جائے گی۔ اس کے لیے ایک سروے بھی کرایا گیا تھا، جس میں خوردہ مہنگائی شرح 4.32 فیصد رہنے کا اندازہ تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔


اکتوبر میں خوردہ مہنگائی شرح بڑھ کر 4.48 فیصد ہو گئی، جو لگاتار چوتھے مہینے آر بی آئی کے 2 فیصد سے 6 فیصد کے کمفرٹ زون کے اندر ہے۔ این ایس او کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب تیل اور بجلی سیکٹر میں مہنگائی مہینے کے دوران 14.35 فیصد پر بنی رہی۔ آر بی آئی خوردہ مہنگائی شرح یا صارف قیمتوں میں اضافہ کی شرح کو صارف پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے ذریعہ ٹریک کرتا ہے۔

این ایس او کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فوڈ مہنگائی شرح اکتوبر میں بڑھ کر 0.85 فیصد ہو گئی، جو اس سے گزشتہ مہینے میں 0.68 فیصد تھی۔ آر بی آئی نے سی پی آئی پر مبنی شرح مہنگائی کو 4 فیصد پر رکھنے کا ہدف طے کیا ہے، جس میں اوپر نیچے سے 2 فیصد کا فرق ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔