ایم سی ڈی کے ضمنی انتخابات میں 51 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند، نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو ہوگا
دہلی میونسپل کارپوریشن کے بارہ وارڈوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کئی رہنماؤں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ کل 143 پولنگ اسٹیشنوں پر سخت سکیورٹی کے درمیان ووٹنگ ہوئی۔

میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے بارہ وارڈوں کے لیے 2025 کے ضمنی انتخابات کے لیے کل یعنی 30 نومبر کو ووٹنگ ہوئی۔ ووٹنگ کا تناسب، شام 5:30 بجے تک، کل 38.51فیصد (عارضی) ریکارڈ کیا گیا۔ ووٹنگ مکمل طور پر پرامن رہی، کسی قسم کی رکاوٹ یا خلل کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ تکنیکی مسائل یا ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی وجہ سے ووٹنگ میں خلل نہیں پڑا۔
ووٹنگ اتوار کی صبح 7:30 بجے شروع ہوئی اور شام 5:30 بجے ختم ہوئی۔ 26 خواتین سمیت 51 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو کیا جائے گا۔ منڈکا میں 44.5فیصد، شالیمار باغ بی میں 37.53 فیصد،اشوک وہار میں 33.82 فیصد،چاندنی چوک میں 35.65 فیصد،چاندنی محل میں 55.93 فیصد،دوارکا بی میں 29.76 فیصد،ڈیچاؤں کلاں میں 37.2 فیصد،نرائنا میں 42.6 فیصد، سنگم وہاراے میں 44.4 فیصد،دکشن پوری میں 40.23 فیصد،گریٹر کیلاش میں 26.76 فیصد، اورونود نگر میں 36.46 فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھیں : سنبھل: خوف، نگرانی اور بے چینی میں ڈوبا شہر...پربھات سنگھ
اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بارہ وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے 143 پولنگ اسٹیشنوں پر 580 بوتھ بنائے تھے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ضمنی انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کے کل 2320 ملازمین، 580 ہوم گارڈز اور 2265 دیگر اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کی 13 کمپنیوں نے حصہ لیا۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے بارہ وارڈوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ مغربی دہلی کی رکن پارلیمنٹ کمل جیت سہراوت اور دوارکا بی وارڈ سے بی جے پی کی امیدوار منیشا راجپال سہراوت نے پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنے شوہر منیش گپتا اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اتوار کو شالیمار باغ علاقے میں ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔بی جے پی نے اس الیکشن میں سب سے زیادہ خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے ۔ایم سی ڈی ضمنی انتخابات عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان مقابلہ ہے۔ تمام امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 3 دسمبر کو ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔