یوم جمہوریہ: فرانسیسی فوج کے 95 جوان کی ہندوستان آمد، 26 جنوری کو دکھائیں گے ’رافیل کا کرتب‘

ڈیفنس سکریٹری گریدھر ارمانے کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ پریڈ میں فرانس کی 95 رکنی مارچنگ ٹیم اور 33 رکنی بینڈ ٹیم بھی حصہ لیں گی، فرانسیسی فضائیہ کے 2 رافیل جنگی طیارہ بھی ’فلائی پاسٹ‘ میں حصہ لیں گے۔

رافیل لڑاکا طیارہ / تصویر آئی اے این ایس
رافیل لڑاکا طیارہ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پورے ملک میں یومِ جمہوریہ کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ رواں سال 26 جنوری کو ’کرتویہ پتھ‘ پر 75ویں یومِ جمہوریہ تقریب بہت اہم ثابت ہونے والی ہے۔ فرانسیسی صدر امینوئل میکروں اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شامل ہونے والے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں فرانسیسی فوج بھی حصہ لے گی۔ فرانسیسی فوج کی 95 رکنی ٹیم پہلے ہی ہندوستان پہنچ چکی ہے اور وجئے چوک پر پریڈ کی تیاریاں کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یومِ جمہوریہ تقریب میں دو فرانسیسی رافیل جنگی طیارے کرتب دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ ایک فرانسیسی ٹرانسپورٹ ایئرکرافٹ اور فرانسیسی فوج کی 95 رکنی ٹکڑی بھی اس موقع پر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کو تیار ہے۔ فرانسیسی غیر ملی فوج کو دنیا کی سب سے ایلیٹ فوج تصور کیا جاتا ہے۔ یہ اپنی خاص ٹریننگ اور دنیا بھر میں اپنی مہموں کے لیے مشہور ہے۔ زمین پر فرانس کی بری فوج کے علاوہ ایئر اینڈ اسپیس فورس (فضائی اور خلائی فورس) آسمان میں کرتب دکھاتی نظر اائے گی۔ فرانسیسی فضائی و خلائی فورس نے 75ویں یومِ جمہوریہ پریڈ سے قبل ہفتہ کے روز قومی راجدھانی کے ’کرتویہ پتھ‘ کے اوپر فلائی پاسٹ ریہرسل میں حصہ بھی لیا۔


اس سے قبل ڈیفنس سکریٹری گریدھر ارمانے نے جمعہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا تھا کہ یوم جمہورہی پریڈ میں فرانس کی 95 رکنی مارچنگ ٹیم اور 33 رکنی بینڈ ٹیم بھی حصہ لیں گی۔ گریدھر نے مزید کہا کہ فضائیہ کے طیارہ کے ساتھ ایک ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ (ایم آر ٹی ٹی) طیارہ اور فرانسیسی فضائیہ کے دو رافیل جنگی طیارے فلائی پاسٹ میں حصہ لیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب ’کرتویہ پتھ‘ پر فرانسیسی مسلح افواج کی ٹکڑی پریڈ کرے گی۔ اس سے قبل 2016 میں فرانس آرمی کے جوانوں نے ہندوستان میں منعقد یومِ جمہوریہ تقریب میں حصہ لے کر تاریخ رقم کر دیا تھا۔ وہ پہلا موقع تھا جب کسی غیر ملکی فوج نے ہندوستان کے ریپبلک ڈے پریڈ میں حصہ لیا تھا۔ اس وقت بھی مہمانِ خصوصی فرانسیسی صدر (فرانسوا اولاند) ہی تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔