جنوبی ہند کی معروف اداکارہ سروجا دیوی کا انتقال، دلیپ کمار کے ساتھ بھی دکھایا تھا اداکاری کا جوہر

سروجا دیوی نے 17 سال کی عمر میں انہوں نے 1955 میں اپنے فلمی سفر کی شروعات کی تھی۔ فلمی دنیا میں انہیں بہترین تعاون کے لیے پدم شری اور پدم بھوشن جیسے قومی سطح کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>سروجا دیوی۔ تصویر ’انسٹا گرام’</p></div>

سروجا دیوی۔ تصویر ’انسٹا گرام’

user

قومی آواز بیورو

جنوبی ہند کی مشہور اداکارہ بی۔ سروجا دیوی کا 87 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال سے فلمی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تقریباً 7 دہائی تک بطور اداکارہ پردہ سیمیں پر اپنا جلوہ بکھیرنے والی بی سروجا دیوی کو ان کی سنہری اداکاری کے لیے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق ان کے انتقال کی وجہ جسمانی وجوہات ہے۔ سروجا دیوی کے انتقال کی خبر سے جنوبی ہند کی فلمی دنیا میں سوگ کا ماحول ہے۔

بی سروجا دیوی کا پورا نام بھیرپا سروجا دیوی تھا۔ چھوٹی عمر سے ہی وہ سنیما کی طرف راغب ہونے لگی تھیں۔ انہوں نے اپنی قابلیت کے دم پر آزاد ہندوستان میں مشہور اداکار بننے کا شاندار سفر طے کیا۔ سروجا دیوی کے انتقال پر فلمی دنیا سے جڑی شخصیتوں کے علاوہ کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


سروجا دیوی نے اپنے 70 سال کے فلمی کیریئر میں 200 سے زیادہ فلموں میں کام کرکے ایک بڑی وراثت قائم کی۔ اس دوران جنوبی ہند کی تمل، تیلگو، کنڑ فلم انڈسٹری کی کئی بہترین فلموں میں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 17 سال کی عمر میں انہوں نے 1955 میں آئی کنڑ زبان کی یادگار فلم ’مہاکوی کالی داس‘ سے اپنے فلمی سفر کی شروعات کی تھی۔

اس فلم کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلمی دنیا میں اپنا خاص مقام بنایا جس کی وجہ سے ان کو فلمی دنیا کا آئیکان بھی کہا جانے لگا۔ فلمی دنیا میں ان کے بہترین تعاون کے لیے انہیں پدم شری اور پدم بھوشن جیسے قومی سطح کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔


اپنے کیریئر کے دوران سروجا دیوی نے جنوبی ہند کے علاوہ ہندی فلم انڈسٹری میں بھی جلوہ بکھیرا۔ اس دوران انہوں نے کئی بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے ساتھ ’’پیغام‘‘ فلم میں بطور اداکارہ کام کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پیار کیا تو ڈرنا کیا، بیٹی بیٹے اور سسرال جیسی بالی ووڈ کی فلموں میں بھی کام کیا۔ 1955 سے لے کر 1984 تک سروجا دیوی نے بطور لیڈ اداکارہ مسلسل 29 سال میں 161 فلم کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔