حلف سے پہلے ریکھا گپتا کے سخت تیور، ’پچھلی 12 سال کی حکومت کو ہر پیسے کا حساب دینا ہوگا‘

ریکھا گپتا نے حلف سے قبل سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں گزشتہ 12 سال سے حکومت کرنے والوں کو ہر پیسے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کا عزم ظاہر کیا

<div class="paragraphs"><p>ریکھا گپتا / آئی اے این ایس</p></div>

ریکھا گپتا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کی نامزد وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے حلف لینے سے قبل سخت لہجہ اپناتے ہوئے سابق حکومت پر شدید تنقید کی اور اس کے خلاف شفافیت کو یقینی بنانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا، ’’جو حکومت گزشتہ 12 سال سے دہلی میں اقتدار میں تھی، اسے عوام کو ہر پیسے کا حساب دینا ہوگا۔‘‘

ریکھا گپتا نے اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا، "ہم نے جو بھی کمٹمنٹ کیے ہیں، انہیں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ دہلی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمارے تمام 48 ایم ایل اے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے مطابق ٹیم مودی کے طور پر کام کریں گے۔"

ریکھا گپتا، جو بی جے پی کی سینئر رہنما ہیں، دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو دیانت داری، قوت اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ نبھائیں گی۔

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی میں عام خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی بڑے مواقع ملتے ہیں، اور میں اس کی جیتی جاگتی مثال ہوں۔‘‘


ریکھا گپتا نے کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے تک پہنچیں گی۔ انہوں نے کہا، "بچپن میں جب سنتی تھی کہ کس طرح عام پس منظر سے لوگ قیادت تک پہنچے، تو یہ سب ایک کہانی جیسا لگتا تھا، مگر آج جب میں خود دہلی کی وزیر اعلیٰ بن رہی ہوں تو سمجھ آ رہا ہے کہ بی جے پی میں نریندر مودی ہیں تو سب کچھ ممکن ہے۔"

دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ریکھا گپتا کو ان کے نئے منصب پر مبارکباد دی تھی، جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا اور کہا، ’’اگر وہ دہلی کے مفاد میں کام کریں تو بہت اچھا ہوگا۔‘‘

ریکھا گپتا نے کانگریس کی رہنما الکا لامبا سے اپنی پرانی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین میں ایک ساتھ تھیں، جہاں الکا لامبا صدر جبکہ ریکھا گپتا جنرل سیکریٹری تھیں۔

آج حلف اٹھانے کے بعد، ریکھا گپتا دہلی کی وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور بی جے پی کی نئی حکومت کی قیادت کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔