کروز ڈرگس پارٹی: آرین خان سمیت سبھی 8 ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کی تیاری

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) گزشتہ روز ایک کروز پر ریو پارٹی کیے جانے کے تعلق سے گرفتار 8 ملزمین کو پیر کے روز ایڈیشنل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کے سامنے پیش کرے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پیر کے روز ایڈیشنل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کے سامنے ایک کروز پر ریو پارٹی کے تعلق سے گرفتار آٹھوں ملزمین کو پیش کرے گا۔ سرکاری ذرائع نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمین کو ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ آر کے راجے بھوسلے کے سامنے پیش کیا جائے گا جن میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان، ماڈل منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ بھی شامل ہیں۔ دیگر پانچ ملزمین کے نام نوپور ساریکا، اسمیت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چھوکر اور گومت چوپڑا کو بھی آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان لوگوں کو اتوار کی دیر شب گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز گرفتار ملزمین کی ضمانت کے لیے بحث کرتے ہوئے وکیل ستیش مانشندے نے کہا کہ ان کے موکل آرین خان کو کچھ سوشل میڈیا چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، انھیں پارٹی کے لیے مدعو کیا گیا تھا اور ان کے پاس کوئی ٹکٹ نہیں تھا، کوئی بورڈنگ پاس نہیں تھا، کوئی سیٹ یا کیبن نہیں تھا اور ان کے پاس کوئی ڈرگس بھی نہیں ملا ہے۔


این سی بی کے اسپیشل پبلک پرازیکیوٹر ادویت سیٹھنا نے عدالت میں اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرین خان کو بین الاقوامی کروز ٹرمینل پر واقع کروزر پر چھاپہ ماری کے دوران ان کے پاس سے برآمد مختلف طرح کی نشیلی اشیاء اور 1 لاکھ 33 ہزار روپے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے کانگریس کے ترجمان اتل لوندھے اور شیوسینا کے کشور تیواری نے این سی بی کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے اس پورے معاملے کو گجرات میں مندرا بندرگاہ سے برآمد کی گئی بڑی مقدار میں نشیلی اشیاء سے دھیان ہٹانے کے لیے ایک پالیسی قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔