’ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے قصورواروں کو بچانے کے لیے ’نائب قوانین‘ تلاش کر لیے: رندیپ سرجیوالا

سرجیوالا نے کہا کہ ’’یہ معاملہ صرف ایک آفیسر کی خودکشی کا نہیں ہے، بلکہ یہ غریب اور دلت سماج کے انصاف کے حق کا سوال ہے۔ پارٹی اس معاملے میں پورن کمار کی اہلیہ اور پورے دلت سماج کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>رندیپ سرجے والا / سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کی خودکشی کے معاملہ پر کانگریس کے راجیہ سبھا رکن رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ریاست کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی پر طنزیہ حملہ بولا ہے۔ اتوار (12 اکتوبر) کو کیتھل میں واقع پریس کانفرنس میں رندیپ سرجیوالا نے الزام عائد کیا کہ ’’ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی ملک کے قانون کو توڑ رہے ہیں اور قصورواروں کا ساتھ دے رہے ہیں۔‘‘

رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ سینی کی قیادت میں ہریانہ میں 2 طرح کے قانون نافذ ہیں، ایک عام لوگوں کے لیے اور دوسرا ’نائب قانون‘۔ عام معاملوں میں پولیس بلا تاخیر ایف آئی آر کی بنیاد پر گرفتاری کرتی ہے، لیکن اس معاملے میں وزیر اعلیٰ پہلے تحقیقات پھر کارروائی کی بات کہہ کر قصورواروں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر 6 ماہ تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتی تو کیا انصاف کے لیے غیرمعینہ مدت تک انتظار کرنا ہوگا؟


کانگریس راجیہ سبھا رکن نے حکومت سے سوال کیا کہ ’’اگر ہر مجرمانہ معاملہ میں پہلے تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہو تو ملک میں پولیس فوری طور پر گرفتاری کیوں کرتی ہے؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک آفیسر کی خودکشی کا نہیں ہے، بلکہ یہ غریب اور دلت سماج کے انصاف کے حق کا سوال ہے۔ کانگریس پارٹی اس معاملے میں پورن کمار کی اہلیہ آئی اے ایس آفیسر امنیت پی کمار اور پورے دلت سماج کے ساتھ کھڑی ہے، جو قصورواروں کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

کانگریس لیڈر نے نائب سینی پر قصورواروں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’یا تو نائب سینی نے نیا ’نائب طریقہ‘ اور ’نائب قانون‘ تلاش لیا ہے، یا پھر وہ براہ راست قصورواروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک سینئر پولیس آفیسر کی خودکشی کے معاملے میں بھی ’نائب قانون‘ نافذ ہوگا تو عام آدمی خاص طور سے غریب اور دلت کو انصاف کیسے ملے گا؟ رندیپ سرجیوالا نے سوال اٹھایا کہ کیا ہریانہ میں غریب اور دلت ہونا جرم بن گیا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں فوری طور پر کاررائی ہو اور قصورواروں کو گرفتار کیا جائے۔ کانگریس لیڈر نے زور دے کر کہا کہ پارٹی اس معاملہ کو اس وقت تک اٹھاتی رہے گی جب تک پورن کمار کے اہل خانہ اور دلت سماج کو انصاف نہیں مل جاتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔