رام رحیم کی 21 روزہ فرلو کے بعد آج جیل واپسی، 9 سال میں 17ویں مرتبہ آیا تھا باہر
ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ رام رحیم کی 21 روزہ فرلو ختم ہو گئی اور وہ آج سناریا جیل واپس جائے گا۔ گزشتہ 9 سال میں یہ 17واں موقع ہے جب وہ پیرول یا فرلو پر جیل سے باہر آیا

سرسا: ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کی 21 روزہ فرلو ختم ہو گئی ہے اور وہ آج روہتک کی سناریا جیل واپس جائے گا۔ فرلو کے دوران سرسا واقع ڈیرہ احاطے میں پیروکاروں کی آمد و رفت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔
رام رحیم کی واپسی کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈیرہ انتظامیہ نے سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر اس کی واپسی کا وقت اور مکمل شیڈول عام نہیں کیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ بھی ہائی الرٹ پر ہیں، تاکہ واپسی کے دوران کسی بھی طرح کی بدنظمی نہ ہو۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسے سخت سکیورٹی کے درمیان خاموشی سے سناریا جیل لے جایا جائے گا۔
غورطلب ہے کہ تقریباً 9 سال میں یہ 17واں موقع ہے جب رام رحیم پیرول یا فرلو کے ذریعے جیل سے باہر آیا ہے۔ روہتک کی سناریا جیل میں سزا کاٹ رہے ڈیرہ سربراہ کو رواں سال یہ تیسری عارضی رہائی ملی تھی۔ اس سے قبل جنوری میں اسے 40 روز کی پیرول ملی تھی، جبکہ 26 مئی کو وہ 30 روز کی عارضی رہائی پر جیل سے باہر آیا تھا۔ اس مدت کے بعد وہ 25 جون کو سناریا جیل واپس لوٹا تھا۔ اب 21 روزہ فرلو مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ جیل واپس جانا ہے۔
گرمیت رام رحیم کو دو سادھوِیوں کے ساتھ عصمت دری کے معاملے میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل کے معاملے میں اسے عمر قید کی سزا بھی ملی ہوئی ہے۔ وہ 2017 سے روہتک کی سناریا جیل میں بند ہے۔
قواعد کے تحت قیدیوں کو مخصوص حالات میں پیرول اور فرلو کا فائدہ دیا جاتا ہے، تاہم رام رحیم کو بار بار عارضی رہائی ملنے کا معاملہ مختلف حلقوں میں زیر بحث رہا ہے۔ رام رحیم کو ملی اس فرلو پر سکھ مذہب کی اعلیٰ ترین مذہبی تنظیم اکال تخت نے بھی اعتراض کیا تھا۔ اکال تخت کے جتھیدار کلدیپ سنگھ گرگج نے بند سکھ قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے سوال کیا تھا کہ ایک طرف طویل عرصے سے جیلوں میں بند سکھ قیدیوں کی رہائی نہیں ہو رہی، جبکہ دوسری جانب رام رحیم کو بار بار پیرول اور فرلو دی جا رہی ہے۔
صحافی رام چندر چھترپتی کے بیٹے انشول چھترپتی نے بھی رام رحیم کی بار بار عارضی رہائی کی مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار پیرول ملنے سے متاثرہ خاندانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
