رام مندر تعمیر: ہندوستان کے 11 کروڑ کنبوں کے ہر رکن سے لیا جائے گا 10 روپے کا چندہ!

26 نومبر کو نئی دہلی میں ایمرجنسی طلب کی گئی ہے جس میں مندر تعمیر کے کام میں تیزی لانے، اس کی شکل کو عظمت اور روحانیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی شرکت بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کا کام دھیرے دھیرے آگے بڑھ رہا ہے، اور آئندہ کے منصوبوں کو لے کر میٹنگوں کا دور بھی جاری ہے۔ پریاگ راج (الٰہ آباد) میں آر ایس ایس ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ بھی چل رہی ہے جس میں رام مندر تعمیر کو لے کر کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ دوسرے دن کی میٹنگ میں رام مندر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری اور وی ایچ پی لیڈر چمپت رائے بھی شامل ہوئے اور کئی امور پر تبادلہ خیال عمل میں آیا۔ اس دوران ایک بہت بڑی بات جو نکل کر سامنے آئی ہے، وہ یہ ہے کہ رام مندر تعمیر کے لیے ہندوستان کی 11 کروڑ فیملی کے ہر رکن سے 10 روپے چندہ لیے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور اس کی وصولی کے لیے طریقہ کار کو حتمی شکل دیا جانا فی الحال باقی ہے۔

اس تعلق سے ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سمیت آر ایس ایس کے کئی لیڈروں نے میٹنگ کے دوران رام مندر تعمیر سے متعلق منصوبوں کے لیے چمپت رائے کو کئی ضروری مشورے دیے۔ کہا گیا ہے کہ مندر عام لوگوں کے خوابوں کے مطابق تیار ہونا چاہیے اور اس کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آر ایس ایس کے مشورے پر نئی دہلی میں رام مندر تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی ایک ایمرجنسی میٹنگ بھی بلا لی گئی ہے۔ یہ میٹنگ 26 نومبر کو ہوگی جس میں آر ایس ایس کی طرف سے کچھ لیڈران خصوصی مدعوئین رکن کی شکل میں شامل ہو سکتے ہیں۔


ذرائع کے حوالے سے ’اے بی پی لائیو‘ نے بتایا کہ 26 نومبر کو نئی دہلی میں طلب کی گئی ایمرجنسی میٹنگ میں مندر تعمیر کے کام میں تیزی لانے، اس کی شکل کو عظمت اور روحانیت فراہم کرنے، ساتھ ہی عام لوگوں کی شرکت بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ 24 نومبر کو ہوئی آر ایس ایس کی میٹنگ میں 26 نومبر کو ہونے والی میٹنگ سے متعلق خاکہ طے کر لیا گیا ہے۔ اس میں ہندوستان کے تقریباً 4 لاکھ گاؤں کے 11 کروڑ فیملی سے گھر گھر جا کر رابطہ کرنے کی پالیسی طے کی گئی ہے۔ ان 11 کروڑ فیملی کے ہر ایک رکن سے کم از کم دس روپے کا چندہ معاشی تعاون کی شکل میں لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ان سبھی سے مندر تعمیر کو لے کر ان کی امیدوں کے بارے میں بھی ’فیڈ بیک‘ لیا جائے گا۔ آر ایس ایس کا ماننا ہے کہ معاشی تعاون کرنے اور اپنی امید ظاہر کرنے سے عام لوگوں کو اپنے خوابوں کا مندر تیار ہونے کا احساس ہوگا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پہلے یہ طے پایا تھا کہ آر ایس ایس کے معاون ادارے گاؤں میں جا کر 200 سے 300 لوگوں کا جلسہ کریں گے اور ان سے مندر تعمیر کے بارے میں بات کر کے معاشی تعاون حاصل کریں گے۔ لیکن آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سمیت دیگر لیڈروں نے گاؤں میں جلسہ یا میٹنگ کرنے کی جگہ گھر گھر جا کر براہ راست رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ آر ایس ایس کے فرنٹ لائن کے لیڈروں کے مطابق ایسا کرنے سے کووڈ پروٹوکول پر پوری طرح سے عمل ہوگا اور ساتھ ہی عام لوگوں کے گھر جانے پر انھیں جذباتی طور پر بھی مندر تعمیر سے جوڑا جا سکے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Nov 2020, 10:11 PM