راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین الیکشن: اپوزیشن کی طرف سے منوج جھا ہوں گے مشترکہ امیدوار

آر جے ڈی لیڈر منوج جھا کو اپوزیشن پارٹیوں نے ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے مشترکہ امیدوار منتخب کیا ہے اور اب جمعہ کو وہ اپوزیشن پارٹی لیڈران کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

منوج جھا، تصویر سوشل میڈیا
منوج جھا، تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئندہ 14 ستمبر کو راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے انتخاب ہونے والا ہے، اور اس عہدہ کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے منوج جھا کو مشترکہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آر جے ڈی لیڈر منوج جھا کو اپوزیشن پارٹیوں نے جمعرات کے روز ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے مشترکہ امیدوار منتخب کیا اور جمعہ کو وہ مختلف اپوزیشن پارٹی لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے کی جانب سے جنتا دل یو لیڈر ہری ونش نارائن سنگھ کو راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے امیدوار بنایا گیا ہے۔ گویا کہ اس بار اس عہدہ کے لیے بہار کی دو اہم پارٹیوں آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ چونکہ جلد ہی بہار میں اسمبلی انتخاب کا بگل بجنے والا ہے، اس لیے راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے ہونے والے الیکشن میں بھی لوگوں کی دلچسپی کافی بڑھ گئی ہے۔


بہر حال، میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، ایوان میں کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش اور ترنمول کانگریس، بایاں محاذ، ڈی ایم کے، عآپ اور کچھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران جمعہ کو اس وقت موجود رہیں گے جب منوج جھا اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ کانگریس نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین عہدہ کو بلامقابلہ نہیں جانے دے گی، غالباً اسی لیے منوج جھا کو اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے بطور مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔