اتر پردیش: سونبھدر کے بعد اناؤ میں بھی ہوا 'آکسی میٹر گھوٹالہ'، جانچ کا حکم

ذمہ دار افسران خود کو پھنستا دیکھ کر کسی طرح معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ سی ڈی او نے معاملہ کی فوری جانچ کا حکم دے دیا ہے اور جانچ رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی بات کہی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا وبا کے دور میں سرکاری افسران کس طرح بدعنوانی کر رہے ہیں، اس کی مثال یوگی حکومت میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ میڈیا ذرئع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سونبھدر کے بعد اب اناؤ میں بھی آکسی میٹر گھوٹالہ منظرعام پر آیا ہے۔ یہاں افسران نے گرام پنچایتوں میں پلس آکسی میٹر اور انفراریڈ تھرما میٹر میں حکومت کی طرف سے طے قیمت 2800 روپے سے تقریباً تین گنا قیمت میں ہوئی خریداری کو نظرانداز کر دیا گیا۔ اتنا ہی نہیں، بیگھا پور بلاک میں پردھانوں کے ڈیجیٹل دستخط سے فرم کو آن لائن 8900 روپے کے حساب سے ادائیگی کر دی گئی۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ ذمہ دار افسران خود کو پھنستا ہوا دیکھ کر کسی طرح معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ سی ڈی او نے معاملہ کی فوری جانچ کا حکم دے دیا ہے اور جانچ رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی بات کہی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کووڈ-19 انفیکشن کے بڑھنے کے بعد ایڈیشنل چیف سکریٹری منوج کمار سنگھ نے آکسی میٹر اور انفراریڈ تھرما میٹر خریدنے کی ہدایت دی تھی۔ دونوں مشینوں کی خرید کے لیے 2800 روپے خرچ کی ہدایت تھی۔ اس ہدایت کے بعد ضلع کے سبھی 1043 گرام پنچایتوں میں پلس آکسی میٹر اور انفراریڈ تھرما میٹر کی خرید جولائی میں کی گئی۔


میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینوں کو گرام پنچایت سطح پر بنائی گئی نگرانی کمیٹیوں کے اہم رکن آشا بہو کے سپرد کیا جانا تھا۔ ضلع میں یہ انتظام کیا گیا، لیکن یہاں بھی معطل کیے گئے دو اضلاع کے ڈی پی آر او کی طرح ہی خرید کو مرضی کے مطابق شکل دی گئی۔ حالات ایسے رہے کہ میاں گنج بلاک، نواب گنج بلاک، گنج مراد آباد بلاک، بیگھا پور بلاک، حسن گنج بلاک میں پلس آکسی میٹر اور انفراریڈ تھرما میٹر مشینوں کی خرید سنٹرلائز کی گئی۔ یعنی کہ ایک ہی فرم سے خریداری کرائی گئی ہے جس کی ادائیگی گرام پنچایت فنڈ کے اکاؤنٹ سے ہوئی ہے۔

اب مشینوں کی خرید میں بے ضابطگی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ میں افرا تفری مچ گئی ہے۔ افسران اب گرام پردھان اور سپلائی کرنے والی فرم سے 2800 روپے کے بل اکٹھا کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ اس تعلق سے سی ڈی او راجیش پرجاپتی نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت سے 2800 روپے میں پلس آکسی میٹر و انفراریڈ تھرما میٹر خریداری کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہدایت کے مطابق ہی خریداری کا عمل انجام دینے کو کہا گیا، اب پورے معاملے کی جانچ کرائی جا رہی ہے۔ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Sep 2020, 5:11 PM