گوپال کرشن گاندھی ’راجیو گاندھی نیشنل سدبھاؤنا ایوارڈ‘ سے سرفراز

دہلی میں منعقد ایک تقریب میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے گوپال کرشن گاندھی کو 2017 کا راجیو گاندھی سدبھاؤنا ایوارڈ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

وشو دیپک

راجدھانی دہلی کے جواہر بھون میں منعقد ایک خاص تقریب میں مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی کو قومی اتحاد، فرقہ وارانہ خیر سگالی اور امن کو فروغ دینے میں اہم تعاون کے لیے سال 2017 کا راجیو گاندھی نیشنل سدبھاؤنا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سینئر کانگریس لیڈر کرن سنگھ اور موتی لال وورا سمیت کئی اہم لوگ موجود تھے۔

دہلی کے جواہر بھون میں منعقد اس تقریب میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے گوپال کرشن گاندھی کو یہ ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے گوپال کرشن گاندھی نے کہا کہ ’’جب گاندھی جی نے ’ایشور، اللہ تیرو نام‘ گایا تھا تب وہ ہمیں روحانی اور سیاسی خیرسگالی کا منتر دے رہے تھے۔‘‘

اس موقع پر یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے کہا کہ خواتین کو ریزرویشن کے ذریعہ پنچایتوں اور میونسپل کارپوریشنوں میں آئینی خودمختاری دے کر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ہمارے سیاسی ڈھانچے کو بدلنے کا کام کیا تھا۔

اس موقع پر لوگوں کوخطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ راجیو جی نے اپنیپوری زندگی جن قدروں کو جیا اور اس پر کام کرتے رہے، وہی قدریں ہندوستان کے نیشنلزم کو صحیح معنوں میں متعارف کرتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ راجیو گاندھی نیشنل سدبھاؤنا ایوارڈ کی صلاح کار کمیٹی نے 28 جولائی کو منعقد میٹنگ میں گوپال گاندھی کو سال 2017 کے لیے یہ انعام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ انعام سے متعلق صلاح کار کمیٹی کے رکن سکریٹری موتی لال وورا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قومی اتحاد، امن اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں قابل قدر تعاون کے لیے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی کو 24واں راجیو گاندھی نیشنل سدبھاؤنا ایوارڈ دیا جائے گا۔

یہ ایوارڈ قومی اتحاد اور امن کے شعبہ میں کام کرنے والوں کے لیے ہے اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر دیا جاتا ہے۔ اس کے تحت ایوارڈ حاصل کرنے والے کو انعام میں ایک سرٹیفکیٹ اور 10 لاکھ روپے نقد فراہم کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل ملک کی کئی معروف ہستیوں کو راجیو گاندھی نیشنل سدبھاؤنا ایوارڈ دیا جا چکا ہے جن میں مدر ٹریسا، استاد بسم اللہ خاں، محمد یونس، ہتیشور سیکیا اور سبھدرا جوشی (مشترکہ)، لتا منگیشکر، سنیل دت، جگناتھ کول، دلیپ کمار، ڈاکٹر (محترمہ) کپلا واتسیاین، تیستا سیتلواڑ اور ہرش مندر (مشترکہ)، ایس این سباراؤ، سوامی اگنیویش اور مدرا معین الدین (مشترکہ)، کے آر نارائنن، نرملا دیش پانڈے، ہیم دت، پروفیسر این رادھاکرشنن، گوتم بھائی، مولانا وحید الدین خاں، اسپک میکے، ڈی آر مہتا، استاد امجد علی خان، مظفر علی اور شبھا مدگل کے نام شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔