راجستھان کے نتائج حیرت انگیز، کانگریس کی شکست کے اسباب پر غور کیا جائے گا: اشوک گہلوت

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخاب کے نتائج حیرت انگیز ہیں، کانگریس امید کر رہی تھی کہ عوام کا مینڈیٹ اس کے حق میں ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

اشوک گہلوت، تصویر ٹوئٹر @ashokgehlot51
اشوک گہلوت، تصویر ٹوئٹر @ashokgehlot51
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اتوار کو ریاستی اسمبلی انتخاب میں شکست کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ نتائج حیرت انگیز ہیں اور پارٹی ان اسباب کی جانچ کرے گی جن کی وجہ سے شکست ہوئی ہے۔ گہلوت  نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں کہتا رہا ہوں کہ عوام سب سے اہم ہیں۔ اسمبلی انتخاب کا نتیجہ حیرت انگیز ہے۔ کانگریس امید کر رہی تھی کہ عوام کا مینڈیٹ اس کے حق میں ہوگا۔ لیکن ہم ریزلٹ کو عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ ہم نئی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ لوگوں کے لیے کام کرے گی۔"

جب گہلوت سے سوال کیا گیا کہ کیا پارٹی ریاستی حکومت کے منصوبوں کو لوگوں تک نہیں لے جا پا رہی ہے، تو گہلوت نے کہا کہ "مجھے لگتا ہے راجستھان حکومت کے منصوبے اچھے تھے اور پورے ملک میں ان کا تذکرہ ہوا اور گارنٹی بھی اچھی تھی، لیکن چھتیس گڑھ میں اور مدھیہ پردیش میں بھی نتائج ہمارے موافق نہیں رہے، یہ حیرت انگیز تھے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہم ان اسباب کا پتہ لگائیں گے جن کی وجہ سے ان تین ریاستوں میں پارٹی کی شکست ہوئی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔