راجستھان بھرتی گھپلہ: 63 نمبر بنا دیئے 182، 38 او ایم آر شیٹ تبدیل، آر ایس ایس بی کے ٹیکنیکل ہیڈ سمیت 5 گرفتار

ایجنسی نے کہا کہ اوایم آر شیٹ اسکین کے بعد فرم کے ملازمین نے کمپیوٹر سسٹم میں اصل ڈیٹا سے چھیڑ چھاڑ کی اور منتخب امیدواروں کے نمبردھوکہ دہی سے بڑھا دیئے جس سے نااہل امیدواروں کا انتخاب یقینی ہوگیا۔

گرفتار، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس اوجی) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اوایم آر فراڈ معاملے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں راجستھان اسٹاف سلیکشن بورڈ (آرایس ایس بی) کا تکنیکل ہیڈ بھی شامل ہے۔ جن امتحانات میں شبہ تھا ان میں سپروائزر (ویمن ایمپاورمنٹ) ڈائریکٹ ریکروٹمنٹ امتحان-2018، لیب اسسٹنٹ بھرتی امتحان-2018، اور ایگریکلچر سپروائزر بھرتی امتحان-2018 شامل ہیں۔ مثال کے طور پر ملزم پونم ماتھر کو تقریباً 63 نمبر ملنے چاہئے تھے لیکن اس دھوکہ دہی کے ذریعے ان کے نتیجے میں 182 نمبر دکھائے گئے۔ اسی طرح دیگر امیدواروں کے اصل اسکور جو 30 سے ​​50 نمبروں کے درمیان تھے، انہیں بڑھا کر185 سے زیادہ کردیا گیا۔ تین الگ الگ امتحانات میں شامل ہوئے کم از کم 38 امیدواروں کے نمبروں کو تبدیل کرنے میں ملوث تھے۔

راجستھان، جے پور کے اسپیشل آپریشنس گروپ(ایس او جی) کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وشال بنسل  نے بتایا کہ ایس او جی نے راجستھان اسٹاف سلیکشن بورڈ کی جانب سے منعقد سپروائزر (ویمن امپاورمنٹ) ڈائریکٹ بھرتی امتحان-2018 ، لیب اسسٹنٹ بھرتی امتحان 2018 اور ایگریکلچرسپروائزر بھرتی امتحان۔ 2018 میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور نتائج میں ہیرا پھیری کے سنگین نمعاملے میں بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ اس معاملے میں راجستھان اسٹاف سلیکشن بورڈ (آرایس ایس بی) کے دو ارکان مبینہ طور پر 3 الگ الگ امتحانات میں شامل ہوئے کم سے کم 38 امیدواروں کے نمبروں کو تبدیل کرنے میں ملوث تھے۔ گرفتار کیے گئے 5 میں سے دو اس فرم سے ہیں جو امتحان کی اوایم آر شیٹ کی اسکیننگ سے  متعلق کام میں شامل تھی۔


ایس او جی کے مطابق اوایم آر شیٹ اسکین کرنے اور امتحان کے نتائج تیارکرنے کے لیے ڈیٹا پروسیسنگ کا کام آوٌٹ سورس فرم، راگھو لمیٹڈ، نئی دہلی کو دیا گیا تھا۔ جانچ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اوایم آر شیٹ اسکین کرنے کے بعد فرم کے ملازمین نے کمپیوٹر سسٹم میں اصل ڈیٹا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور منتخب امیدواروں کے نمبر دھوکہ دہی سے بڑھا دیئے جس سے نا اہل امیدواروں کا انتخاب یقینی ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق 2019 میں ہوئے ان 3 بھرتی امتحانات میں 3212 عہدوں کے لئے 940038 امیدواروں نے درخواست دی تھی۔

راجستھان پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بورڈ نے اصل اوایم آر شیٹ کو دوبارہ اسکین کیا تو امتحان کے نتائج میں سنگین تضادات کا پتہ چلا۔ تفصیلی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ راجستھان اسٹاف سلیکشن بورڈ  میں تعینات اس وقت سسٹم اینالسٹ-کم-پروگرامر (ڈپٹی ڈائریکٹر) اور ٹیکنیکل ہیڈ سنجے ماتھر، پوری اوایم آر اسکیننگ اور نتائج تیار کرنے کے عمل کے انچارج تھے، اس مجرمانہ سازش میں سرگرم طور سے شامل تھے۔ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور اسکیننگ ٹیم اور آؤٹ سورس فرم کے ملازمین کے ساتھ مل کر اپنے جاننے والے امیدواروں کو ناجائزہ فائدہ پہنچایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔