راجستھان حکومت نے 71486 کروڑ روپے سرمایہ کاری کو دی منظوری، 26 ہزار روزگار کا امکان

منظور پروجیکٹس میں ہیرو الیکٹرک گاڑی، ہونڈا کورس، سینٹ گوبین، بوروسل، اوکایا، کرش فارما، لینس کارٹ، رینیو، ایچ پی سی ایل متل، سیرامیکس گرینیٹو وغیرہ جیسے کارپوریٹ شامل ہیں۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاست میں 26 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے 71486 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے متعلق قرارداد کو منظوری دی ہے۔ گہلوت نے اپنی سرکاری رہائش پر سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کی دوسری میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کئی بڑے صنعتی گروپ اب ریاست کی موافق انڈسٹریل پالیسی سے متوجہ ہو رہے ہیں۔ اس سے ریاست میں انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کو مزید مضبوطی ملے گی۔

گہلوت نے انویسٹ راجستھان سمٹ کی تیاری سے متعلق بھی ہدایت دی۔ گہلوت نے بیکانیر ڈویژن میں سیریمک ہب قائم کرنے کی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا، کیونکہ یہاں صنعت کے لیے خام مال کی دستیابی ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں گیس گرڈ قائم کرنے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔


منظور شدہ پروجیکٹس میں ہیرو الیکٹرک گاڑی، ہونڈا کورس، سینٹ گوبین، بوروسل، اوکایا، کرش فارما، لینس کارٹ، رینیو، ایچ پی سی ایل متل، سیرامیکس گرینیٹو وغیرہ جیسے کارپوریٹ شامل ہیں۔ ان سرمایوں کے ساتھ ریاست میں تقریباً 26004 نئی ملازمتیں جوڑی جائیں گی۔ میٹنگ میں وزیر خزانہ رام لال جاٹ، چیف سکریٹری اوشا شرما، ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے صنعت وینو گپتا، چیف سکریٹری برائے مالیات اکھل اروڑا، چیف سکریٹری بھاسکر ساونت، بی آئی پی کمشنر اندرجیت سنگھ سمیت دیگر سرکردہ افسر موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔