راجستھان حکومت کھلاڑیوں پر مہربان، ملازمت میں ریزرویشن دینے کا کیا اعلان، میڈل جیتنے والوں کی انعامی رقم میں بھی اضافہ

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ہم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو دی جانے والی حوصلہ افزائی رقم کو بڑھایا ہے۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کی کانگریس حکومت نے ہفتہ کے روز کھلاڑیوں اور اتھلیتوں کے لیے ’خوشیوں کا پٹارہ‘ کھولتے ہوئے کچھ اہم اعلانات کیے۔ گہلوت حکومت نے اتھلیوں کو سرکاری ملازمت میں 2 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی 229 باصلاحیت کھلاڑیوں کو آؤٹ آف ٹرن ملازمت دینے کے ساتھ کوچ اور کھلاڑیوں کے لیے پنشن کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ اتنا ہی نہیں، حکومت نے بین الاقوامی میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم کو بڑھا کر 3 کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے یہ اعلانات بوندی کے نینواں سینئر ہایر سیکنڈری اسکول میں منعقد بلاک سطحی راجیو گاندھی گرامین اولمپک کھیل کود مقابلہ کی اختتامی تقریب کے دوران کیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجیو گاندھی گرامین اولمپک کھیل کود مقابلہ کے ذریعہ سے ہمیں دیہی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا ہے۔ گہلوت نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ’’اس مقابلے کو شروع کرنے کے لیے ریاستی وزیر اشوک چاندنا نے خصوصی طور پر تعاون کیا، اس لیے وہ شکریہ کے اہل ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو دی جانے والی حوصلہ افزائی رقم کو بڑھایا ہے۔


وزیر اعلیٰ گہلوت نے کھیل کود کے ذریعہ ریاست کو آگے بڑھانے کے عزم بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہماری حکومت کھیلوں میں راجستھان کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ راجیو گاندھی گرامین اولمپک کھیل کود مقابلے میں ابھی 30 لاکھ کھلاڑی کھیل رہے ہیں، لیکن اگلی بار یہ تعداد تین گنا ہو جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔