راجستھان کانگریس نے اراولی اور منریگا معاملہ پر تحریک چلانے کا کیا اعلان، 27 دسمبر سے شروع ہوگی عوامی بیداری مہم

اراولی بچاؤ عوامی تحریک کے تحت 27 دسمبر کو سبھی ضلعی ہیڈکوارٹرس پر پیدل مارچ نکالا جائے گا۔ اس کے بعد کانگریس کارکنان ’منریگا‘ کو کمزور کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>راجستھان کانگریس کے لیڈران پریس کانفرنس کرتے ہوئے</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کانگریس نے اراولی پہاڑ اور منریگا معاملے پر 27 دسمبر سے عوامی بیداری مہم شروع کرنے کا عالان کیا ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ بی جے پی حکمراں مرکز کی مودی حکومت سازش کے تحت اراولی پہاڑی سلسلہ کی غلط تعریف پیش کر رہی ہے اور اسے کانکنی مافیاؤں کے حوالہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسرے اہم ایشو منریگا کی تبدیلی سے متعلق کانگریس نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت نے مہاتما گاندھی روزگار منصوبہ میں تبدیلی کر غریبوں سے روزگار کا حق چھیننے کا کام کیا ہے۔ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی نے کہا کہ ’’کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ ان دونوں اہم ایشوز کے خلاف ریاست بھر میں ضلع، بلاک، ڈویژن اور بوتھ سطح پر عوامی بیداری مہم و احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد ہوگا۔‘‘


پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سورنم چترویدی نے بتایا کہ یہ مہم 27 دسمبر سے شروع ہوگی۔ انھوں نے مطلع کیا کہ اس کے تحت 27 دسمبر کو سبھی ضلع ہیڈکوارٹرس پر اراولی بچاؤ مہم عوامی بیداری کے تحت پیدل مارچ نکالا جائے گا۔ اس کے بعد کانگریس کارکنان ’منریگا‘ کو کمزور کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے، اور پھر 28 دسمبر کو سبھی بلاک کانگریس کمیٹیاں پیدل مارچ نکالیں گی اور مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔ بعد ازاں 30 اور 31 دسمبر کو ڈویژن اور سٹی کانگریس کمیٹیاں تقاریب کا انعقاد کریں گی۔

ایک روز قبل بدھ کو راجستھان کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے اراولی پہاڑ معاملہ پر مرکزی و ریاست کی بی جے پی حکومت پر اراولی کو کانکنی مافیا کے ہتھوں فروخت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ مرکزی و ریاستی حکومت نے مل کر اراولی کو فروخت کرنے کی جو سازش تیار کی ہے، اور سپریم کورٹ میں جس طریقے سے انھوں نے اراولی کو ختم کرنے کی پیروی کی ہے، اس کی سخت الفاظ میں کانگریس مخالفت کرے گی۔ ڈوٹاسرا نے یہ بھی کہا کہ ضلعوں میں ڈویژن اور بلاک سطح پر کانگریس کارکنان کے ساتھ مل کر عوامی بیداری مہم چلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ کانگریس اراولی کے خلاف شروع ہوئی سازش کی پرزور مخالفت کرے گی۔