راجستھان اسمبلی ضمنی انتخابات: کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ آج

27 سے 29 مارچ تک تعطیل ہونے کی وجہ سے اس عرصے کے دوران کوئی کاغذات نامزدگی نہیں داخل کیے جا سکے ہیں اور اب 30 مارچ کو نامزدگی کی آخری تاریخ ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان میں آئندہ 17 اپریل کو ہونے والے تین اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے کاغزات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 مارچ بروز منگل ہے۔ اس انتخابات کے لئے کانگریس، بی جے پی اور راشٹریہ لوک تانترک پارٹی (رالوپا) کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔

27 سے 29 مارچ تک تعطیل ہونے کی وجہ سے اس عرصے کے دوران کوئی کاغذات نامزدگی نہیں داخل کیے جا سکے ہیں اور اب 30 مارچ کو نامزدگی کی آخری تاریخ ہے۔ منگل کے روز کانگریس کے تینوں امیدوار جب نامزدگی کے کاغذات داخل کرنے جائیں گے، تب تینوں حلقوں میں انتخابی ریلیاں ہوں گی۔ ان ریلیوں سے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ریاستی انچارج اجے ماکن، ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹا سرا اور سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔


اسی طرح بی جے پی کے امیدواروں کے ساتھ بی جے پی کے ریاستی انچارج ارون سنگھ، ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا اور مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیخاوت اور قائد حزب اختلاف گلاب چند کٹاریہ اور دیگر رہنما موجود ہوں گے۔ اسی طرح رالوپا کے امیدواروں کے ساتھ بھی رالوپا کے کنوینر اور ناگور کے رکن پارلیمنٹ ہنومان بینی وال، ایم ایل اے نارائن بینی وال اور پوکھراج گرگ اور دیگر قائدین موجود ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے سہاڈا سیٹ سے گائتری دیوی، سجان گڑھ سے منوج کمار میگھوال اور راج سمند سیٹ سے تنکھس بوہرا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے، جبکہ بی جے پی نے راج سمند سے دیپتی مہیشوری، سہاڈا سے رتن لال جاٹ اور سجان گڑھ سے کھیما رام میگھوال کو نامزد کیا ہے اور رالوپا نے سجان گڑھ سے سیتارام نائک، راج سمند سے پرہلاد کھٹانہ اور سہاڈا سے بدری لال جاٹ کو ٹکٹ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔