راجہ رگھوونشی قتل معاملہ: اہلیہ سونم غازی پور سے برآمد، 3 حملہ آور بھی گرفتار

میگھالیہ ڈی جی پی آئی نونگرانگ نے کہا ہے کہ اندور کے شخص کے قتل کے سلسلے اہلیہ سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انکشا پور واقع ڈھابہ پردیر رات سونم روتے ہوئے بدحواس حالت میں ملی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اندور کے راجہ رگھوونشی قتل معاملے میں میگھالیہ پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ مدھیہ پردیش کے رہنے والے 3 حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہیں سونم نے یوپی کے غازی پور میں خود سپردگی کر دی ہے۔ پولیس ایک دیگر حملہ آور کو پکڑنے کے لیے مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

ذرائع کے مطابق سونم کی خود سپردگی کی اطلاع غازی پور پولیس نے اندور پولیس کو دے دی ہے۔ جس کے بعد خاتون کو ہولڈ کیا گیا اور اندور پولیس غازی پور پہنچی۔ پورے معاملے کی اطلاع سونم نے اپنے گھر خود ہی کال کرکے دی تھی۔


’امر اُجالا‘ کی خبر کے مطابق غازی پور سے سونم رگھوونشی کی برآمدگی کے درمیان ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اندور کے راجہ رگھوونشی کے قتل کے لیے مبینہ طور پر تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) کے افسروں نے ملزمین کو مدھیہ پردیش کے اندور سے گرفتار کیا ہے۔ ایس پی سٹی گیانیندر ناتھ پرساد نے بتایا کہ انکشا پور واقع ڈھابہ پر رات ایک سے دو بجے سونم روتے ہوئے بدحواس حالت میں ملی تھی۔ ڈھابہ مالک نے 112 نمبر پر کال کیا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے مشتبہ خاتون کو میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا۔

اس کیس کے بارے میں میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کانراڈ سنگما نے بھی ٹوئٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اندور کے راجہ قتل معاملے میں میگھالیہ پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ مدھیہ پردیش کے رہنے والے 3 حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خاتون نے خود سپردگی کر دی ہے اور دیگر حملہ آور کو پکڑنے کے لیے مہم جاری ہے۔


میگھالیہ کے ڈی جی پی آئی نونگرانگ کا بھی بیان اس معاملے پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اندور کے شخص کے قتل کے سلسلے اہلیہ سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سونم کو کسی طرح کی چوٹ نہیں لگی ہے۔ وہ پوری طرح ٹھیک ہے۔ اس وقت پولیس کے ذریعہ اسے یوپی کے غازی پور کے ون اسٹاپ سینٹر میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کو ایک سیاح گائیڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ اندور کے ہنی مون جوڑے راجہ رگھوونشی اور ان کی اہلیہ سونم جس دن میگھالیہ کے سہرا علاقے سے لاپتہ ہوئے، اس دن ان کے ساتھ تین مرد بھی تھے۔ ایک افسر نے تصدیق کی ہے کہ گائیڈ نے پولیس کو یہ اطلاع دی تھی۔ 23 مئی کو یہ جوڑا لاپتہ ہو گیا تھا، جبکہ 2 جون کو راجہ کی لاش ایک کھڈ میں ملی جبکہ ان کی اہلیہ کی تلاش جاری تھی۔ 

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔