مودی-شاہ کی جوڑی کو ہٹانے کے لئے کانگریس اور این سی پی کو ووٹ دیں: راج ٹھاکرے

یہ ہے آپ کی حکومت؟ جو سب کو ہر وقت بےوقوف بنا رہی ہے؟ یہ ہے آپ کا وزیراعظم جو جھوٹ بولتا ہے؟ یہ راج ٹھاکرے ہیں جو مودی کے بارے میں اپنی رائے عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے چار سال قبل کہا تھا کہ مودی انتخابات جیتنے کے لئے جنگ جیسی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں‘‘۔ راج ٹھاکرے نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مودی اور شاہ کی جوڑی کو اکھاڑ پھینک دیں کیونکہ یہ جوڑی بہت خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی ناکامی کی وجہ سے پلوامہ میں خود کش حملہ آور کے پاس اتنی بڑی تعداد میں آر ڈی ایکس پہنچا۔ راج ٹھاکر ے نے سوال کیا کہ ’’پلوامہ میں کیسے اتنا آر ڈی ایکس پہنچا اور بالاکوٹ میں ہوائی حملہ کیوں ضروری ہو گیا‘‘۔

راج ٹھاکرے صرف یہیں نہیں رکے انہوں نے نریندر مودی پر سخت الفاظ میں حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ بہت زیادہ بولتے ہیں لیکن سوالوں کے جواب نہیں دیتے۔ وہ جھوٹ بولتے ہیں لیکن جب پلوامہ، آر ڈی ایکس، ہوائی حملہ اور بالاکوٹ کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ کچھ نہیں کہتے۔ نوٹ بندی پر وہ کچھ نہیں جواب دیتے‘‘۔ مہاراشٹر نونرمان سینا کے جلسہ سے 6 اپریل کو ممبئی کے شیواجی پارک میں کیے گئے اس خطاب سے ریاست میں سیاسی بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔ راج ٹھاکرے کا ذہن اس معاملہ میں بالکل صاف ہے کہ مودی اور شاہ کی جوڑی کو جانے کی ضررت ہے۔

وزیر اعظم کی قوم پرستی کو فرضی قرار دیتے ہوئے ایم این ایس کے سربراہ نے وزیر اعظم نریندرمودی کی ایک ویڈیو کلپ چالائی جس میں نریندر مودی کشمیریوں سے خطاب کر رہے ہیں کہ پہلی مرتبہ کسی حکومت نے اپنے فوجیوں کو کشمیریوں پر گولی چلانے کے لئے سزا دی ہے۔ مودی نے یہاں تک کہا کہ کہ ہندوستانی فوج نے پریس کانفرنس کر کے کشمیریوں سے معافی مانگی ہے۔ راج ٹھاکرے نے کہا ’’آپ خود سنیے اور دیکھیے وزیر اعظم کیسے کشمیریوں کو انصاف دلانے کی بات کہہ رہے ہیں‘‘۔

راج ٹھاکرے یہیں نہیں رکے انہوں نے وزیر اعظم پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے ودربھا کے ایک گاؤں ہری سل کی ویڈیو کلپ دکھائی۔ ہری سل گاؤں کو ڈیجیٹل گاؤں ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لال قلع کی فصیل سے وزیر اعظم نے دعوی کیا تھا کہ ہری سال گاؤں ملک کا پہلا ڈیجیٹل گاؤں بن گیا ہے۔ مجھ میں بے چینی پیدا ہوئی اور میں نے لوگوں سے اس کی جانچ کرنے کے لئے کہا اور جانچ کے بعد جو انہوں نے وہاں دیکھا وہ (ویڈیو کلپ) آپ کے سامنے ہے‘‘۔ یہ کہہ کر راج ٹھاکرے نے ایک بڑی اسکرین پر یہ ویڈیو کلپ چلائی۔ اس ویڈیو میں ہری سل گاؤں کے لوگوں نے صاف کہا کہ گاؤں میں کوئی مفت وائی فائی نہیں ہے۔ ٹاور ہونے کے با وجود کوئی سگنل نہیں ہے۔ مقامی بینک میں اے ٹی ایم مشین ہے لیکن مقامی کھاتے داروں کے پاس کوئی اے ٹی ایم کارڈ نہیں ہے۔ گاؤں کی کسی بھی دوکان پر پیسے لینے کے لئے سوائپ مشین نہیں ہے اور اس ماڈل دوکان پر بھی نہیں ہے جس نے اسے ڈیجیٹل گاؤں کے لئے اشتہار کیا تھا۔ ہیلتھ سینٹر اور اسکول کے کمپیوٹر بھی استعمال نہیں ہو رہے ہیں۔

راج ٹھاکرے کے خطاب میں سب سے بڑی حیرانی کی بات یہ تھی کہ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ مہاراشٹر میں این سی پی اور کانگریس کے امیدواروں کو ووٹ دیں ’’سال 1981 میں آ ر ایس ایس نے اندرا گاندھی کی حمایت کی تھی اور 1977 میں خود کانگریس کے لوگوں نے کانگریس کے خلاف ووٹنگ کی تھی اس لئے ہمیں ملک کے حق میں ووٹنگ کرنی چاہیے اور آپ کو بھی اس وقت ملک کے سامنے اس جوڑی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے ووٹ کرنا چاہیے اور اس کے لئے آپ کو کانگریس اور این سی پی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینا چاہیے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔