دہلی میں بارش، یوپی اور بہار میں موسم تبدیل، راجستھان میں طوفان کا الرٹ؛ ایم پی اور اتراکھنڈ کے لیے بھی پیش گوئی جاری
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بہار، مشرقی اتر پردیش، تلنگانہ، ودربھ، وسطی مہاراشٹر اور کونکن- گوا کے کچھ علاقوں میں ابھی بھی ہیٹ ویو کے حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آج دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آج آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں اگلے چند دنوں تک بارش اور تیز ہواؤں کا دور جاری رہے گا۔
قومی راجدھانی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جنوب مغربی مانسون مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ فی الحال مانسون کی شمالی حد مہاراشٹر، تلنگانہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور بہار کے کچھ حصوں تک پہنچ چکی ہے اور 23 جون کے آس پاس ان ریاستوں کے کئی علاقوں کے ساتھ چھتیس گڑھ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بہار میں 22 اور 25 جون کے درمیان شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار میں 22 جون تک اور مشرقی اتر پردیش میں 24 جون تک ہیٹ ویو کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آج بارش متوقع ہے۔ راجستھان میں آج آندھی کے ساتھ طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مغربی راجستھان میں بھی غبار آلود طوفان کا اندیشہ ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی کے ساتھ ہماچل پردیش میں 20 سے 22 جون تک اور اتراکھنڈ میں 20 سے 25 جون تک بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دوسری طرف مغربی بنگال، سکم، اڈیشہ اور آسام-میگھالیہ میں اگلے کئی دنوں تک موسلہ دھار بارش جاری رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ مغربی بنگال، سکم اور آسام-میگھالیہ میں کہیں کہیں بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔
کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی حصوں میں بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ صرف کیرالہ، ساحلی کرناٹک اور تمل ناڈو میں کہیں کہیں موسلہ دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گرج چمک کے ساتھ 50 تا 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بہار، مشرقی اتر پردیش، تلنگانہ، ودربھ، وسطی مہاراشٹر اور کونکن- گوا کے کچھ علاقوں میں ابھی بھی ہیٹ ویو کے حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
