موسم کا مزاج پھر تبدیل! کئی ریاستوں میں آندھی اور بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں ہوگی برفباری، دہلی کے لیے یلو الرٹ جاری
شمالی ہندوستان میں جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اوراتراکھنڈ میں 3 سے 8 مئی کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ وہیں 4 اور 5 مئی کو کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے جس کے بعد ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے نئی دہلی سمیت کئی ریاستوں کے لیے شدید گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں موسم میں اچانک تبدیلی آئے گی جس میں تیز ہوا، گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر دہلی-این سی آر، اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسی دوران آئی ایم ڈی نے 3 اور 4 مئی کو دہلی میں بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق 3 مئی کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ وہیں آسمان ابر آلود رہے گا اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہندوستان میں جموں وکشمیر، ہماچل پردیش اوراتراکھنڈ میں 3 سے 8 مئی کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ وہیں 4 اور 5 مئی کو کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ میں 3 سے 6 مئی تک گرج چمک اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران ہوا کی رفتار 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ 4 اور 5 مئی کو کچھ علاقوں میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
شمال مشرقی ہندوستان میں اگلے 5 دنوں تک بڑے پیمانے پر بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وہیں مشرقی ہندوستان کے مغربی بنگال، سکم، جھارکھنڈ، بہار اور اڈیشہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ودربھ میں 3 اور 6 مئی کے درمیان موسم متغیر رہے گا، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ جنوبی ہندوستان کے کیرالہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش کے بعد ایرناکولم، ترشور، اڈوکی اور ملاپورم کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔ دریں اثنا اوڈیشہ میں بارش سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے حالانکہ طوفان نے کچھ علاقوں میں فصلوں اور کچے مکانوں کو نقصان پہنچایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔