بارش اور تیز ہواؤں نے بدلا موسم کا مزاج، این سی آر میں برسوں بعد صاف اور تازہ فضا میسر

کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم اس بدلتے ہوئے موسم کا مثبت پہلو یہ ہے کہ آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے اور لوگ صاف ہوا کا احساس کر رہے ہیں۔

دہلی میں بارش، تصویر قومی آواز/ ویپن
i
user

قومی آواز بیورو

 قومی راجدھانی علاقہ (این سی آر) کے لوگوں کو برسوں بعد صاف اور تازہ ہوا میں سانس لینے کا موقع ملا ہے۔گزشتہ کئی روز سے مسلسل ہورہی بارش،گرج چمک اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں نمایاں طور پر بہتری درج کی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں اے کیو آئی ’گرین زون‘ اور ’تسلی بخش‘ زمرے میں پہنچ گیا ہے جس سے لوگوں کو پہاڑوں جیسی تازگی کا احساس ہورہا ہے۔ موصولہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں میں اے کیو آئی کافی بہتر صورتحال میں درج کیا گیا ہے۔ علی پور میں اے کیو آئی 83، آنند وہار میں 112، اشوک وہار میں 86، بوانا میں 89، براڑی کراسنگ 75، کنٹونمنٹ ایریا میں 72 اور چاندنی چوک میں 104 ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثنا نوئیڈا کے سیکٹر 125 میں اے کیو آئی 93، سیکٹر 62 میں 73، سیکٹر 1 میں 96 اور سیکٹر 116 میں 84 ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ زیادہ تر علاقوں میں ہوا کا معیار ’بہتر‘ یا ’اطمینان بخش‘ سطح پر ہے۔ وہیں غازی آبادبھی اسی طرح کی مثبت صورتحال محسوس کیح جارہی ہے۔یہاں کے اندرا پورم میں اے کیو آئی 84، لونی میں 126، سنجے نگر میں 84 اور وسندھرا میں 82 ریکارڈ کیا گیا۔


موجودہ صورتحال میں محکمہ موسمیات کے مطابق 8 اپریل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی امید ہے۔ صبح سے شام تک ہلکی بارش، گرج چمک اور 30 ​​سے ​​50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ محکمہ نے این سی آر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے جس کے تحت لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق صبح، دوپہر اور شام کے وقت ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہوائیں جاری رہیں گی۔ اس سے عوامی زندگی واضح طور پر متاثر ہو رہی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام کی وجہ سے آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم اس بدلتے ہوئے موسم کا مثبت پہلو یہ ہے کہ آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے اور لوگ صاف ہوا کا احساس کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم سازگار رہا تو آنے والے دنوں میں اے کیو آئی بہتر زمرے میں رہ سکتا ہے۔ وہیں 9 اپریل کو موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 17 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ موسم کے حوالے سے فی الحال کسی طرح کا کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔