دہلی میں تیز ہوا اور سیاہ بادل سے موسم ہوا خوشنما، این سی آر میں بارش، 14 ریاستوں میں الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے اتر پردیش، پنجاب، راجستھان اور چنڈی گڑھ میں 31 مارچ کو بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں آج دوپہر کے بعد سے ہلکی بوندا باندی شروع ہو گئی، جس نے لوگوں کو سکون و راحت پہنچائی۔ تیز ہواؤں اور سیاہ بادلوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد گرمی سے راحت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی تھی۔ اب موسم کا مزاج بدلتے ہی تھوڑی خنکی کا احساس کیا جا رہا ہے۔
ملک کی کئی ریاستوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشین گوئی کی جا رہی ہے۔ اتر پردیش، پنجاب، راجستھان اور چنڈی گڑھ میں بھی محکمۂ موسمیات نے 31 مارچ کو بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں آج دن بھر بادل چھائے رہیں گے۔ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سطحی ہوائیں چلیں گی، جو بعد میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ اس سے ایک بار پھر دہلی کا موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بارش کے بعد زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں کمی درج کی جا سکتی ہے۔
2 فعال ویسٹرن ڈسٹربنس کے باعث دہلی کے علاوہ راجستھان، پنجاب، ہریانہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں اس ہفتہ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر کے کچھ علاقوں میں آج بارش اور برف باری کا الرٹ ہے۔ کل مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اڈیشہ میں تیز بارش اور گرج و چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ 31 مارچ سے یکم اپریل کے دوران کیرلم میں شدید بارش کا اندیشہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وقفہ وقفہ پر بارش ہو رہی ہے، جس سے ایک طرف شہری علاقوں میں گرمی سے راحت مل رہی ہے تو دوسری جانب دیہی علاقوں میں ژالہ باری و بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔