کئی ریاستوں میں بارش اور تیز آندھی کا امکان، محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ
25 ستمبر تک میانمار-بنگلہ دیش کے ساحل کے قریب خلیج بنگال میں ایک نیا کم دباؤ والا علاقہ بننے کا امکان ہے۔ مدھیہ پردیش، بہار، اوڈیشہ اور انڈمان نکوبار جزائر گروپ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں اگلے کچھ دنوں تک بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ شمالی انڈمان ساگر اور میانمار ساحل کے قریب سمندری ہواؤں کا علاقہ بنا ہوا ہے جو 22 ستمبر تک بنگال کی خلیج تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 25 ستمبر تک میانمار-بنگلہ دیش کے ساحل کے قریب خلیج بنگال میں ایک نیا کم دباؤ والا علاقہ بننے کا امکان ہے۔ اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش، بہار، اوڈیشہ اور انڈمان نکوبار جزائر گروپ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ اس دوران گرج کے ساتھ ہلکی اور کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ مشرقی ہند میں اگلے 5-4 دنوں تک 40-30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ اور دیگر ریاستوں میں 23 ستمبر تک شدید بارش کا امکان ہے۔ اترا کھنڈ، مشرقی اتر پردیش اور راجستھان میں بھی بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور مہاراشٹر میں 25 ستمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش کے اشارے ہیں۔ وہیں راجدھانی دہلی کا موسم مانسون کے آخرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ آج گرمی کے ساتھ ہلکی بارش کا نظارہ ہو سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 25 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے جس سے دن بھر اومس بھری گرمی محسوس ہوگی۔
آئی ایم ڈی نے پورے اروناچل پردیش میں 23 ستمبر تک بڑے پیمانے پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے تحت کئی ضلعوں میں گرج کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بہار میں 24 ضلعوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں بارش کےس اتھ بجلی گرنے اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ راجدھانی پٹنہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یوپی کی بات کی جائے تو یہاں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔ آج 33 ضلعوں میں بارش کا الرٹ ہے۔ 24 گھنٹے میں بجلی گرنے سے 7 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ کاسگنج میں گنگا ندی میں پھر طغیانی ہے۔ 24 گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں۔
دوسری طرف کرناٹک کے بنگلورو میں رات بھر ہوئی بارش کی وجہ سے نچلے علاقوں میں آبی جماؤ ہو گیا اور اہم راستوں پر آمد و رفت متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات نے بنگلورو کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں بھی ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج کے ساتھ پھوہاڑیں پڑنے اور کچھ مقامات پر 40-30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ وہیں آندھرا پردیش اور رائل سیما میں اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارش ہو سکتی۔
شمالی ساحلی آندھرا پردیش اور ینم میں 23 ستمبر کو شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ساحلی آندھرا پردیش، ینم، رائل سیما میں اگلے سات دنوں میں ہلکی سے لے کر درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔