سسودیا کے یہاں چھاپہ ماری سے گجرات میں عآپ کا ووٹ شیئر 4 فیصد بڑھا، گرفتاری ہوئی تو 6 فیصد بڑھ جائے گا: کیجریوال

دہلی اسمبلی میں کیجریوال نے کہا کہ آج ایک تحریک اعتماد لائے ہیں تاکہ آپریشن لوٹس ناکام ہو جائے، اب یہ یقینی ہو گیا ہے کہ ہمارے کسی رکن اسمبلی نے پارٹی نہیں بدلی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعرات کو اسمبلی میں تحریک اعتماد پر تقریر کے دوران کہا کہ ان کے نائب وزیر اعلیٰ سسودیا کی رہائش پر سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے بعد سے گجرات میں عآپ کا ووٹ شیئر 4 فیصد بڑھ گیا ہے، اور گرفتاری ہوئی تو یہ ووٹ شیئر 6 فیصد تک بڑھ جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے منیش سسودیا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جانچ ایجنسی جانتی ہے کہ وہ بے قصور ہیں، پھر بھی ان کے خلاف مجموعی طور پر 13 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عآپ کے 49 اراکین اسمبلی کے خلاف معاملے درج ہیں۔ سسودیا کے خلاف جو فرضی مقدمے درج کیے گئے ہیں اس پر سسودیا نے جانچ کا استقبال کیا، لیکن ہتک عزتی کے معاملے کی دھمکی نہیں دی۔ سی بی آئی نے سسودیا کی رہائش پر چھاپہ ماری کی اور ان کے گاؤں گئی، ان کے بینک لاکر کی تلاشی بھی لی، لیکن کچھ نہیں ملا۔


اس درمیان کیجریوال نے تحریک اعتماد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہ ثابت کرنے کے لیے آج ایک تحریک اعتماد لائے ہیں کہ آپریشن لوٹس ناکام ہو جائے گا۔ ہمارے کسی بھی رکن اسمبلی نے پارٹی نہیں بدلی ہے۔‘‘ انھوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہر اس جگہ کی جانچ کر رہی ہے جہاں عآپ نے اچھا کام کیا ہے۔ منیش سسودیا کی گرفتاری کے بعد مجھے لگتا ہے کہ ہمارا ووٹ فیصد مزید بڑھے گا۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’کیا اسکول اور اسپتال بنانے کی خواہش کچھ غلط ہے؟ وہ (بی جے پی) اراکین اسمبلی کو خریدنے پر 20 کروڑ روپے سے 50 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں، جو ان کی نظر میں غلط نہیں ہے۔ میرے دونوں بچے آئی آئی ٹی میں پڑھتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ہندوستان میں ہر بچے کو یکساں تعلیم ملے، کیا یہ غلط ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */