’راہل گاندھی کی تنبیہ سچ ثابت ہوئی، 3 سال قبل جو کہا وہی ہوا‘

راہل گاندھی نے 3 سال قبل لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے مودی حکومت سے کہا تھا کہ ’’آپ نے پاکستان اور چین کو ایک ساتھ لا دیا ہے، اور یہ ہندوستان کے لوگوں کے خلاف کیا گیا سب سے بڑا جرم ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

’’آپ نے پاکستان اور چین کو ایک ساتھ لا دیا ہے، اور یہ ہندوستان کے لوگوں کے خلاف کیا گیا سب سے بڑا جرم ہے۔ اب جو کچھ بھی ہوگا اس کے لیے آپ ذمہ دار ہوں گے۔‘‘ یہ بیان کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے 2022 میں لوک سبھا کی کارروائی کے دوران مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے دیا تھا۔ 3 سال قبل دیا گیا یہ بیان آج سچ ثابت ہو گیا ہے۔ یہ دعویٰ کانگریس نے راہل گاندھی کی 3 سال پرانی ویڈیو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے کیا ہے۔ ساتھ ہی کانگریس نے فوج کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہل سنگھ کی وہ ویڈیو بھی پیش کی ہے، جس میں وہ یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ چین نے ہندوستان کے خلاف پاکستان کا ساتھ دیا۔

کانگریس کے ذریعہ راہل گاندھی اور راہل سنگھ کی ویڈیو آمنے سامنے رکھ کر پیش کی گئی ہے۔ راہل گاندھی کی تقریر پر مبنی ویڈیو ختم ہونے کے بعد راہل سنگھ کا بیان سننے کو ملتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’پاکستان تو صرف محاذ پر سامنے تھا۔ چین اسے ہر ممکن مدد پہنچا رہا تھا۔ اس میں حیرانی والی کوئی بات نہیں ہے، کیونکہ اگر اعداد و شمار دیکھیں تو گزشتہ 5 سالوں میں پاکستان نے اپنے 81 فیصد اسلحے چین سے خریدے ہیں۔‘‘ اس سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’’راہل گاندھی کی تنبیہ سچ ثابت ہوئی۔‘‘ ویڈیو پر بھی ایک کیپشن لکھا گیا ہے، جو اس طرح ہے ’’3 سال پہلے جو کہا، وہی ہوا۔‘‘


اس سے قبل بھی کانگریس نے فوج کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہل سنگھ کے بیان پر ایک پوسٹ کی تھی۔ اس میں لکھا تھا کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کئی مرتبہ چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتی نزدیکیوں پر حکومت کو آگاہ کر چکے ہیں۔ کانگریس گزشتہ 5 سالوں سے پارلیمنٹ میں چین کے ایشو پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن مودی حکومت چین پر بحث سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔‘‘ کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’چین ہمارے لیے لگاتار ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، جو ہر طرف سے ہندوستان کو نقصان پہنچانے کی فراق میں رہتا ہے، لیکن چین کو ’کلین چٹ‘ دینے والے نریندر مودی اس کی ناپاک حرکتوں پر کل بھی خاموش تھے، اور آج بھی خاموش ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔