راہل گاندھی کی سوچ ہندوتوا کے نام پر کی جا رہی نفرت کا خاتمہ ہے: اشوک گہلوت

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ سچائی، عدم تشدد، محبت، بھائی چارے اور رواداری میں یقین رکھنے والا شخص ہندو ہے، ہندو کسی سے نفرت نہیں کرتے اور تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

اشوک گہلوت، تصویر ٹوئٹر @ashokgehlot51
اشوک گہلوت، تصویر ٹوئٹر @ashokgehlot51
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی سوچ ہے کہ ہندو دھرم کے بنیادی شکل کو مسخ کرکے ہندوتوا کے نام پر بی جے پی-آر ایس ایس کی طرف سے نفرت اور تشدد کی سیاست کا خاتمہ ملکی مفاد میں ہونا چاہیے۔

اشوک گہلوت نے یہ بات سوشل میڈیا کے ذریعے کانگریس کی مہنگائی ہٹاؤ ریلی میں ہندو اور ہندوتوا پر راہل گاندھی کے بیان کے منظر عام پر آنے کے بعد کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اور چھدم ہندوتوا میں وہی فرق ہے جو گاندھی جی اور گوڈسے میں تھا۔ حقیقی معنوں میں ہندو سچائی، عدم تشدد اور ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے۔ کسی بھی مذہب میں تعصب اور انتہا پسندی قابل قبول نہیں۔


انہوں نے کہا کہ سچائی، عدم تشدد، محبت، بھائی چارے اور رواداری میں یقین رکھنے والا شخص ہندو ہے۔ ہندو کسی سے نفرت نہیں کرتے اور تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں جبکہ ہندوتوا کے ماننے والے تشدد، عدم برداشت اور نفرت پھیلانے میں یقین رکھتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کے بیان کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے راہل گاندھی کو ہندو، ہندوتوا اور قوم پرستی کے خلاف قرار دیا تھا۔ دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی ٹوئٹ کرکے راہل گاندھی کے بیان پر سوال اٹھایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔