ملک کو درپیش مختلف مسائل پر راہل گاندھی کا تبصرہ ’ملک جانتا ہے یہ کٹھن دور کون لایا!‘

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’صدیوں کا بنایا، پلوں میں مٹایا۔ دیش جانتا ہے کون یہ کٹھن دور لایا!‘‘

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز ملک کے عوام کو درپیش مختلف مسائل کے حوالہ سے مودی حکومت کا بغیر نام لئے نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کے عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں اس مشکل دور کو لانے کے لئے ذمہ دار کون ہے؟

راہل گاندھی کی جانب سے ویکسین کی قلت، بے روزگاری، مہنگائی، کسانوں اور سرحدوں کی حفاظت جیسے مسائل پر آواز اٹھاتے ہوئے بالواسطہ طور پر مودی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’صدیوں کا بنایا، پلوں میں مٹایا۔ دیش جانتا ہے کون یہ کٹھن دور لایا!‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ویکسین کی قلت، ایل اے سی، پرائس ہائک، پی ایس یو اور کسان جیسے ہیش ٹیگز کا استعمال کیا ہے۔


قبل ازیں، بدھ کے روز کورونا ویکسین کی قلت کے حوالہ سے راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’جملے ہیں، ویکسین نہیں۔‘‘ ساتھ ہی ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے راہل گاندھی نے سوال کیا کہ ویکسین کہاں ہیں؟ اس ٹوئٹ کے ساتھ انہوں نے ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ دہلی سمیت کئی ریاستوں میں ویکسین کی قلت کے سبب متعدد ٹیکہ کاری کے مراکز کو بند کرنا پڑا ہے۔

راہل گاندھی نے اس سے پہلے 11 جولائی کو بھی ویکسین کی قلت کے سلسلہ میں آواز اٹھائی تھی۔ مرکزی وزارتی کونسل کی توسیع کے موقع پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا تھا، ’’صرف وزرا کی تعداد بڑھی ہے، ویکسین کی نہیں۔ ویکسین کہاں ہیں؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔