’نیٹ پیپر لیک‘ کے خلاف راہل گاندھی کوٹہ، الٰہ آباد، پٹنہ اور دہلی میں بلند کریں گے آواز، اسٹوڈنٹ کنونشن کی تاریخوں کا اعلان
کوٹہ میں 17 جون کو، الٰہ آباد میں 10 جولائی کو، پٹنہ میں 11 جولائی کو اور دہلی میں 14 جولائی کو اسٹوڈنٹ کنونشز کا انعقاد ہوگا۔ اس کی قیادت لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کریں گے۔

نیٹ پیپر لیک اور امتحانات میں ہو رہی بے ضابطگیوں کے خلاف کانگریس لگاتار آواز اٹھا رہی ہے۔ خصوصاً لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نوجوان طلبا کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ اب کانگریس نے ایک ملک گیر مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کی قیادت راہل گاندھی کریں گے۔ سامنے آ رہی خبروں کے مطابق کوٹہ میں 17 جون کو، الٰہ آباد میں 10 جولائی کو، پٹنہ میں 11 جولائی کو اور دہلی میں 14 جولائی کو اسٹوڈنٹ کنونشز کا انعقاد کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے،ج س کی قیادت لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کریں گے۔
کانگریس نے اس سلسلے میں اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کئی پوسٹس جاری کی ہیں۔ ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہنمائی اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی پیپر لیک، امتحان مین بے ضابطگی، بڑھتی بے روزگاری اور نوجوانوں کے ساتھ کیے جا رہے منظم دھوکہ کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔‘‘ اس ویڈیو پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’ایک بڑے اسٹوڈنٹ کنونشن کی شروعات کی جائے گی۔ اس کنونشن میں طلبا، یوتھ آرگنائزیشن، اساتذہ اور امتحان اسکینڈل سے براہ راست متاثر سبھی لوگ ایک ساتھ آئیں گے۔‘‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ مہم ان لاکھوں نوجوان ہندوستانیوں کی مشکلات کو سامنے لائے گی، جن کا مستقبل پیپر لیک، بدعنوان تعلیمی نظام کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔ اس مہم کے تحت این ایس یو آئی، یوتھ کانگریس اور کانگریس کی علاقائی تنظیمیں پورے ملک میں راہل گاندھی کی اپیل کو دہرائیں گی۔ پارٹی نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہندوستانی نوجوانوں کی امیدوں کو بدعنوانی کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ مودی حکومت کو جوابدہی طے کرنی ہوگی۔ دھرمیندر پردھان کو وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دینا ہوگا۔‘‘
