سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی سے منسوب تاریخی مقام پر 42 سال بعد پہنچے راہل گاندھی، پیش کیا خراج عقیدت
راہل گاندھی کا انڈمان- نکوبار دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ کو لے کر مقامی کمیونٹی اور حکومت کے درمیان اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔ یہاں پر انہوں نے سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز گریٹ نکوبار جزیرے کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ ایک بہت ہی خاص جگہ پر پہنچے۔ خاص اس وجہ سے کہ یہ ان کی دادی اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی سے منسلک ہے جو’اندرا پوائنٹ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ انہوں نے یہاں اپنی دادی آنجہانی وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور جزیرے کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے نکوباری برادری سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی 42 سال بعد اس تاریخی مقام پر پہنچے ہیں۔ یہاں انہوں نے اپنی دادی کی یادیں شیئر کرتے ہوئے اہم لمحات گزارے۔
بعد ازاں کانگریس کے سینئر رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ گریٹ نکوبار جزیرے کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ہندوستان کے سب سے جنوبی سمت ’اندرا پوائنٹ‘ پہنچنے اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ 19 فروری 1984 کو اندرا گاندھی جی اس ’مینار‘ پر کھڑی تھیں جو ہندوستان کا سب سے جنوبی نقطہ ہے۔ آج تک وہ واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے یہ دورہ کیا ہے۔ راہل نے مزید کہا کہ ’’آج 42 سال بعد مجھے اس مقام پر کھڑے ہونے کا اعزاز حاصل ہوا جہاں وہ کبھی کھڑی تھیں اور میں گریٹ نکوبار جزائر کی خوبصورتی سے مسحور ہوا۔ ہندوستان ایک عظیم ملک ہے اور اس کے ساحل اتنے ہی حیرت انگیز ہیں جتنے اس کے مرکز ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے گریٹ نکوبار جزیرے پراس خاص لمحے کا ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں وہ سمندر کے کنارے کھڑے خوبصورتی کی تعریف کر رہے ہیں۔ انہوں نے اندرا گاندھی کے نام سے منسوب ’اندرا پوائنٹ‘ پر اپنی دادی اور سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس دورے کے دوران کانگریس لیڈر نے نکوباری برادری کے لیڈروں سے ملاقات کی۔ کیمپ بیل بے کے راجیو نگر واقع کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ میٹنگ میں مقامی لوگوں نے مرکزی حکومت کے 92 ہزار کروڑ روپئے کے میگا انفراسٹرکچر پروجیکٹ کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ یہاں تقریر کرنے نہیں بلکہ لوگوں کے مسائل سننے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا، میں آپ کی بات سننے اور آپ کو یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم آپ کے لیے ہر ممکن لڑائی لڑیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ عرصہ قبل جب نکوبار کے ایک وفد نے نئی دہلی میں ان سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے جزیرے کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو اب پورا ہو رہا ہے۔
انڈمان اور نکوبار کے دورے کے دوران راہل گاندھی نے پورٹ بلیئر میں کانگریس کی میٹنگ میں بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گاندھی نگر میں آباد سابق فوجیوں اور دیگر خاندانوں سے ملاقات کی۔ راہ گاندھی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب گریٹ نکوبار پروجیکٹ کو لے کر مقامی کمیونٹی اور حکومت کے درمیان اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔