سڑک پر نظر آئی ’محبت کی دکان‘، پھول فروخت کرتے بچے نے راہل گاندھی سے پوچھا ’ہاؤ آر یو؟‘
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’’اقتدار پر راج تو بہت لوگ کرتے ہوں گے، دلوں پر راج تو صرف ہمارے جَن نایک ہی کرتے ہیں۔ راہل گاندھی زندہ باد۔‘‘

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 29 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو راہل گاندھی کی ہے جو کار میں بیٹھے ہوئے ہیں اور باہر سڑک پر موجود کچھ بچوں سے بات کر رہے ہیں۔ وہ بچے سڑک پر دوڑ دوڑ کر پھول بیچنے والے ہیں، جو اچانک راہل گاندھی کو دیکھ کر حیران ہیں اور انھیں سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ وہ ان سے کیا بولیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’محبت کی دکان‘۔ ویڈیو میں سنائی دے رہا ہے کہ راہل گاندھی ایک چھوٹے بچے سے کہتے ہیں ’’کچھ بولو تو۔‘‘ ہاتھ پھولوں کے کچھ گلدستے لیے یہ بچہ مسکراتا ہے اور کہتا ہے ’’ہمیں کیا پتہ ہے۔‘‘ پھر راہل کہتے ہیں ’’ابھی بول رہے تھے انسٹاگرام پر بنائیں گے، بولو۔‘‘ پھر راہل پوچھتے ہیں ’’انگلش بولتے ہو اچھی؟‘‘ اس پر بچہ سر ہلا کر حامی بھرتا ہے اور مسکراتے ہوئے کہتا ہے ’’ہاؤ آر یو سر؟‘‘ (آپ کیسے ہیں سر؟) جواب میں راہل گاندھی بھی مسکرا کر کہتے ہیں ’’آئی ایم فائن‘‘ (میں اچھا ہوں)۔
راہل گاندھی سے بات کرتے ہوئے یہ بچہ تھوڑا پرسکون ہوتا ہے اور قریب میں موجود بچی (وہ بھی ہاتھوں میں پھولوں کا گلدستہ لیے ہوتی ہے) کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ بہن ہے، جسے انگلش میں ’سسٹر‘ کہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے جب بچہ سے یہ سوال کیا کہ وہ کہاں کا رہنے والا ہے، تو اُس نے راجستھان بتایا۔ پھر کانگریس رکن پارلیمنٹ نے چھوٹی بچی کی طرف کچھ پیسے بڑھائے اور کہا ’’لو بے بی۔‘‘ بچی نے ہنستے ہوئے وہ پیسے لے لیے۔ اس ویڈیو میں راہل گاندھی اس بچہ کو بھی کچھ رقم دیتے ہوئے نظر آئے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ’ایکس‘ اور ’فیس بک‘ پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ ’فیس بک‘ صارفین راہل گاندھی کی اس ویڈیو کو خوب پسند کر رہے ہیں اور مثبت تبصرے بھی پڑھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ہے ’’اقتدار پر راج تو بہت لوگ کرتے ہوں گے، دلوں پر راج تو صرف ہمارے جَن نایک ہی کرتے ہیں۔ راہل گاندھی زندہ باد۔‘‘ ایک دیگر صارف لکھتے ہیں کہ ’’آپ کو پوری دنیا وزیر اعظم کی شکل میں دیکھنا چاہتی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔