راہل گاندھی بہار کے دورے پر، بیگوسرائے میں کنہیا کمار کے ساتھ کریں گے پد یاترا
کنہیا کمار کی اس پد یاترا کا مقصد منتقلی کو روکنا اور نوکری کا مطالبہ کرنا ہے۔ راہل نے نوجوانوں سے سفید ٹی شرٹ پہن کر مارچ میں شامل ہونے کی گزارش کی ہے۔

راہل گاندھی (فائل) / تصویر ویڈیو گریب
کانگریس کے سابق صدر اور سینئر رہنما راہل گاندھی آج بہار کے دورے پر ہیں۔ وہ صبح میں پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر پارٹی رہنما کنہیا کمار کے ساتھ ان کے آبائی ضلع بیگوسرائے جائیں گے اور ’پلاین روکو، نوکری دو‘ پد یاترا میں شامل ہوں گے۔ آئی آئی ٹی میدان میں جھنڈا لہرانے کے قریب ایک گھنٹے کے بعد راہل گاندھی کنہیا کے ساتھ پیدل یاترا کی شروعات کریں گے۔ یاترا صبح میں آئی ٹی آئی میدان سے شروع ہو کر زیرو مائل پر ختم ہوگی۔ راہل 2 کلومیٹر تک پیدل چل کر لوگوں سے ملیں گے۔
کنہیا کمار کی اس پد یاترا کا مقصد منتقلی کو روکنا اور نوکری کا مطالبہ کرنا ہے۔ راہل گاندھی بھی اس معاملے پر لوگوں کی حمایت جٹائیں گے۔ شام میں پپرور میں یہ یاترا ختم ہوگی۔ اس دوران راہل لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد وہ پٹنہ آئیں گے۔ یہاں پر دو پروگراموں سے خطاب کریں گے۔
بہار دورے سے پہلے اتوار کو راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر ایک منٹ کا ایک ویڈیو پیغام ساجھا کیا تھا، اس میں انہوں نے بہار کے نوجوانوں سے سفید ٹی شرٹ پہن کر مارچ میں شامل ہونے کی گزارش کی۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا، ’ہمارا مقصد بہار کے نوجوانوں کی حالت کی طرف دنیا کی توجہ مرکوز کرنی ہے، جو دیکھ رہے ہیں کہ سرکاری نوکریاں دن بہ دن کم ہوتی جا رہی ہے اور نجکاری سے کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ اپنے حقوق کے لیے حکومت پر دباؤ بنانے اور اسے (اقتدار سے) ہٹانے کے لیے آواز اٹھائیں‘۔
واضح رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات اسی سال ہونے ہیں اور اس میں چند مہینے ہی باقی ہیں۔ اس لیے سبھی پارٹیاں ابھی سے ہی انتخابی تیاریوں میں جٹ گئی ہیں اور عوام سے جڑنے کی کوشش میں لگ گئی ہیں۔ یہاں راشٹریہ جنتادل، کانگریس اور بائیں بازوں کی جماعتوں کے عظیم اتحاد کا مقابلہ این ڈی اے سے ہے، جس میں جنتادل یو بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔