مودی حکومت کسانوں اور قبائلیوں پر لگاتار ظلم ڈھا رہی: راہل گاندھی

بے زمین ستیہ گرہیوں کی تحریک میں حصہ لینے مرینا پہنچے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ کسان اپنی زمین کے لیے لڑتا اور مرتا ہے لیکن مودی حکومت ایک جھٹکے میں بڑے صنعت کاروں کو زمین دے دیتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے گوالیر سے دہلی کی جانب بڑھ رہے بے زمین ستیہ گرہیوں (احتجاجیوں) کی تحریک میں حصہ لینے مرینا پہنچے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی انصاف کی لڑائی لڑ رہی ہے اور اس لیے کانگریس چاہتی ہے کہ صنعت کاروں کی طرح کسانوں کا بھی 3 لاکھ کروڑ روپے قرض معاف کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کسان اپنی زمین کے لیے لڑتا اور مرتا ہے لیکن مودی حکومت ایک جھٹکے میں ان کی زمین بڑے صنعت کاروں کو دے دیتی ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ہم تحویل اراضی بل لے کر آئے تھے تاکہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی نہ۔ انھوں نے کہا ’’کانگریس پارٹی نے کسانوں اور غریبوں کو زمین کا حق دیا لیکن مودی حکومت اسی تحویل اراضی بل کو پارلیمنٹ میں رَد کرنے جا رہی تھی۔ ہم مودی حکومت سے لڑے اور تحویل اراضی بل رَد ہونے سے روکا۔‘‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ہم دلتوں، کسانوں اور غریبوں کو حق دیں گے، ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کسان جب آواز اٹھاتے ہیں تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں، جو کسان اپنا حق لینے کے لیے دہلی آ رہے تھے تو انھیں پیٹا گیا۔ مودی حکومت کسانوں پر لگاتار بے رحمی کر رہی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے حق میں ہمیشہ آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔ ہم پی ایم مودی کی طرح جھوٹ نہیں بولتے ہیں۔ ہم نے مودی جی کی طرح ملک کے ہر شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ نہیں کیا۔ ہم نے کرناٹک کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی ہماری حکومت وہاں آئے گی ہم کسانوں کا قرض معاف کر دیں گے اور ایسا ہی کیا۔‘‘

کانگریس صدر نے بے زمین لوگوں کی بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آپ کے حق کو دلا کر رہیں گے۔ پانی، جنگل اور زمین کے حق کو کسی بھی قیمت پر دلائیں گے۔ جیسے ہی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان میں کانگریس پارٹی کی حکومت آئے گی، ہم قبائلی بل کو نافذ کر کے دکھائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری حکومت میں منریگا کو دیکھیں تو اس کی پوری طاقت پنچایت میں تھی۔ مودی حکومت آئی اور پنچایتوں کو انھوں نے کمزور کر دیا۔ بی جے پی کے لوگوں نے پورے ملک میں پنچایتی راج کے ڈھانچے پر ہی حملہ کر دیا۔ کانگریس نے اس وقت منریگا کو چلانے کے لیے 35 ہزار کروڑ روپے دیے۔ نیرو مودی ہندوستان کے بینکوں سے 35 ہزار کروڑ روپے چوری کر کے بھاگ گیا اور اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔‘‘

کانگریس صدر نے ملک میں سب کے لیے جگہ ہونے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں۔ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو سب کے لیے جگہ ہونی چاہیے۔ صنعت کاروں کے لیے بھی جگہ ہو۔ اگر صنعت کاروں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں تو کسانوں، خواتین، قبائلیوں کو بھی فائدہ ملنا چاہیے۔‘‘

اس دوران راہل گاندھی نے اسٹیج سے وجے مالیا کے ملک چھوڑنے کا ایشو بھی اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وجے مالیا ہندوستان کے بینک سے 10 ہزار کروڑ روپے لے کر بھاگ گیا۔ جانے سے پہلے وزیر مالیات جیٹلی جی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملتے ہیں۔ وجے مالیا ان سے کہتا ہے کہ میں لندن جا رہا ہوں۔ وزیر مالیات جیٹلی جی وجے مالیا کی بات سنتے ہیں لیکن نہ تو ای ڈی کو بتاتے ہیں، نہ ہی سی بی آئی کو بتاتے ہیں اور نہ ہی پولس کو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2018, 6:08 PM