کسان حامیوں کے یہاں چھاپہ ماری پر راہل گاندھی نے یاد دلائے ’تین محاورے‘

ایک ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے ’انگلیوں پر نچانا‘، ’بھیگی بلی بننا‘، اور ’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘ محاوروں کی مثال پیش کرتے ہوئے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

راہل گاندھی / @INCIndia
راہل گاندھی / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کسان حامیوں کے یہاں انکم ٹیکس محکمہ اور ای ڈی کے چھاپوں پر محاوروں کے ذریعہ مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ان چھاپوں کے ذریعہ بے قصور لوگوں کو پریشان کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے’’کچھ محاورے: انگلیوں پر نچانا- مرکزی حکومت آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، ای ڈی، سی بی آئی کے ساتھ یہ کرتی ہے۔ بھیگی بلی بننا- مرکزی حکومت کے سامنے میڈیا دوست۔ کھسیانی بلی کھمبا نوچے- جیسے مرکزی حکومت کسان حامیوں کے یہاں چھاپہ ماری کراتی ہے۔‘‘

مذکورہ تین محاوروں کے ذریعہ مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ نہ صرف آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، ای ڈی اور سی بی آئی حکومت کے اشارے پر ناچ رہی ہے، بلکہ میڈیا دوست مرکزی حکومت کے سامنے ڈرے ڈرے سے رہتے ہیں، اور جب کوئی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو چھاپہ ماری جیسی کارروائی ہوتی ہے۔


واضح رہے کہ راہل گاندھی لگاتار مودی حکومت کو زرعی قوانین کے تعلق سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کسانوں کے حق میں آواز بھی بلند کر رہے ہیں۔ گزشتہ 2 مارچ کو راہل گاندھی نے مرکزی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’’جو ملک کو اَن (اناج) دیتا رہا ہے، اب وہ کسان حق لے کر رہے گا، زراعت مخالف، ملک مخالف قانون واپس لو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔