رافیل ڈیل پر راہل گاندھی نے پھر اٹھائی انگلی، یاد دلایا مہاتما گاندھی کا قول

اپنے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کا قول پیش کرتے ہوئے لکھا ہے’’اگر آپ صحیح ہیں اور آپ اسے جانتے ہیں، تو اپنے من کی بات کہیں۔ بھلے ہی آپ اقلیت میں ہوں، پھر بھی سچ ہی سچ ہے۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
user

تنویر

گزشتہ دنوں فرانسیسی نیوز ویب سائٹ ’میڈیا پارٹ‘ میں رافیل ڈیل کے تعلق سے ہوئی مبینہ بدعنوانی پر مبنی رپورٹ شائع ہونے کے بعد کانگریس مرکز کی مودی حکومت پر رافیل ڈیل کو لے کر لگاتار حملے کر رہی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس تعلق سے آج پھر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں مہاتما گاندھی کے ایک قول کی مدد سے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ جمعرات کے روز کیے گئے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’’رافیل ڈیل میں بہت بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔‘‘

اپنے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کا قول پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اگر آپ صحیح ہیں اور آپ اسے جانتے ہیں، تو اپنے من کی بات کہیں۔ بھلے ہی آپ اقلیت میں ہوں، پھر بھی سچ ہی سچ ہے۔‘‘ –مہاتما گاندھی۔ راہل گاندھی نے اس ٹوئٹ کے ساتھ 27 جولائی کو شائع کنال پروہت کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں رافیل معاہدہ کے تعلق سے ہوئی مبینہ بدعنوانی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔


دوسری طرف وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو دیسالٹ ایویشن سے اب تک 26 رافیل طیارے مل چکے ہیں۔ رافیل معاہدے کے تحت ہندوستان کو 36 جنگجو طیاروں کی فراہمی ہونی ہے۔ بھٹ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ ’’36 رافیل طیارہ کی فراہمی عمل کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ آج کی تاریخ تک 26 طیارے مل چکے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔