وائناڈ میں راہل گاندھی کے دفتر میں ایس ایف آئی کا حملہ، ملازمین کے ساتھ مار پیٹ

کیرالہ میں برسراقتدار سی پی ایم کی طلبا تنظیم ایس ایف آئی کے کارکنان نے جمعہ کو وائناڈ میں کانگریس لیڈر اور مقامی رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور ایک ملازم کے ساتھ مار پیٹ بھی کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ میں برسراقتدار سی پی ایم کی طلبا تنظیم ایس ایف آئی کے کارکنان نے جمعہ کو وائناڈ میں کانگریس لیڈر اور مقامی رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور ایک ملازم کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب وہاں پولیس موجود تھی۔ کانگریس کے وائناڈ ضلع صدر این ڈی اپاچین نے کہا کہ راہل گاندھی کے دفتر میں ایک اسٹاف رکن کو پیٹا گیا ہے۔

اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے کہا کہ ’’کیرالہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ جمہوری طریقے سے احتجاج کر سکتے ہیں، لیکن کسی بھی حالت میں اسے (احتجاج) پرتشدد نہیں ہونا چاہیے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ناقابل قبول ہے۔ غلط کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘


اپاچین نے جمعہ کے روز کہا کہ جب انھیں ایس ایف آئی کے ممکنہ احتجاجی مارچ کے بارے میں پتہ چلا تو انھوں نے ضلع پولیس کے اعلیٰ افسران کو فون کیا اور کہا کہ مناسب سیکورٹی مہیا کرائی جانی چاہیے۔ لیکن کیا ہوا، صرف نصف درجن پولسی افسر تھے اور ایس ایف آئی کے طلبا نے تباہی مچائی۔ پولیس صرف دیکھ رہی تھی۔ وزیر اعلیٰ وجین بفر زون پر کچھ بھی کرنے میں ناکام رہے۔ یہ قابل مذمت ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہاتھا پائی شروع ہونے کے بعد پولیس کی ایک بڑی ٹیم آئی اور کچھ طلبا کو گرفتار کر لیا، اور اس سب کے درمیان سی پی ایم کی یوتھ برانچ ڈی وائی ایف آئی کے کارکنان ایس ایف آئی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے پر پولیس کے ساتھ بحث کرنے لگے۔ راہل گاندھی کے دفتر کے ملازم آگسٹین کو ایس ایف آئی کے طلبا نے پیٹا اور انھیں اسپتال لے جایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔