بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہل گاندھی نے ’ناگالینڈ امن معاہدہ‘ پر پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس ناگالینڈ کے مسائل کا حل نہیں ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ انھیں جھوٹ بولنے کا حق حاصل ہو جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ راہل گاندھی کی قیادت میں زور و شور سے جاری ہے۔ بدھ کے روز ناگالینڈ میں اس یاترا کو عوام کی زبردست حمایت ملی۔ جگہ جگہ مقامی لوگوں نے گرمجوشی کے ساتھ راہل گاندھی کا استقبال کیا۔ راہل گاندھی نے بھی لوگوں کے درمیان جا کر ان سے بات چیت کی اور لوگوں کی گزارش پر ان کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائی۔

اس دوران راہل گاندھی نے ہزاروں افراد کی بھیڑ کو خطاب کرتے ہوئے ’ناگالینڈ امن معاہدہ‘ کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ 9 سال قبل وزیر اعظم نے ناگا ایکورڈ معاملہ پر عوام سے کچھ وعدے کیے تھے۔ یہ شرم کی بات ہے کہ آج تک اس سمت میں ایک بھی مثبت قدم نہیں بڑھایا گیا۔ اگر وزیرا عظم مودی کے پاس ناگالینڈ کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے، تو یہاں کے لوگوں سے جھوٹ بولنے کا بھی انھیں کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ناگالینڈ کے مسائل بہت سنگین ہیں اور ان کے حل کی ضرورت ہے۔ ناگالینڈ کی عوام کے اعتماد کے بغیر اور لوگوں سے بات چیت کیے بغیر ان مسائل کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکتا۔


راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں ملک کے موجودہ حالات کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک نظریاتی جنگ چل رہی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک کی سبھی ثقافتوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ ناگالینڈ کی تہذیب و ثقافت کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راستے میں مجھے ناگالینڈ کی ثقافت، رہن سہن کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ ناگالینڈ کی وراثت اور تاریخ بے حد خوشحال ہے۔ جب میں یہاں تقریر دینے پہنچا تو کہا گیا کہ یہاں کے لوگ انگریزی سمجھتے ہیں، یہ ایک اچھی بات ہے۔ لیکن میں چاہتا تھا کہ یہ تقریر ناگا زبان میں بھی ترجمہ کی جائے کیونکہ یہ آپ کی بول چال کی زبان ہے۔ میں اس کا احترام کرتا ہوں۔ لیکن افسوس آر ایس ایس-بی جے پی آپ کی زبان اور ثقافت پر حملہ کر رہے ہیں، بے عزتی کر رہے ہیں۔ اس یاترا سے کانگریس پیغام دینا چاہتی ہے کہ شمال مشرقی ریاست ہندوستان کے کسی بھی دیگر حصے جتنے ہی اہم ہیں۔

منی پور تشدد کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ وزیر اعظم مودی ابھی تک منی پور نہیں گئے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کی سیاست نے ریاست کو تقسیم کر دیا، ریاست کو آگ کے حوالے کر دیا۔ تقریر کے آخر میں راہل گاندھی نے کہا کہ آج صرف دو تین لوگ ہی ملک کے پورے کاروبار کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ ملک میں 500 سب سے بڑی کمپنیاں ہیں ان میں سے ایک کے پاس بھی ناگا قیادت نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔