راہل گاندھی اور کھڑگے آج کریں گے آسام کا دورہ، سیاسی امور کمیٹی سے ملاقات اور مقامی لیڈروں سے مکالمہ
راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے آج آسام پہنچیں گے، جہاں وہ کانگریس لیڈروں، ضلع و بلاک صدور سے ملاقات کریں گے اور سیاسی امور کمیٹی و قبائلی وفد کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے

کانگریس صدر کھڑگے اور راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
گوہاٹی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بدھ 16 جولائی کو آسام کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ پارٹی کی تنظیم نو اور آئندہ سال ہونے والے آسام اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ دورہ سیاسی لحاظ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
راہل گاندھی ریاستی سطح پر کانگریس کی سیاسی حکمت عملی اور تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ اس سلسلے میں وہ آسام پردیش کانگریس کمیٹی (اے پی سی سی) کے نو تشکیل شدہ ڈھانچے، خاص طور پر سیاسی امور کمیٹی (پی اے سی) کے ارکان کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کریں گے۔ اس میٹنگ میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال، انتخابی لائحہ عمل اور عوامی رابطہ مہم پر بھی غور کیا جائے گا۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے بھی اس موقع پر راہل گاندھی کے ہمراہ ہوں گے۔ پارٹی کے اعلیٰ سطحی دونوں رہنما آسام کانگریس کے ضلع، بلاک اور منڈل سطح کے صدور سے ملاقات کریں گے، جنہیں اپنی بات رکھنے اور زمینی سطح کے مسائل اجاگر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
آسام پردیش کانگریس کے صدر اور رکن پارلیمان، گورو گگوئی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا، ’’میں کل آسام میں کھڑگے جی اور راہل گاندھی جی کا استقبال کرنے کے لیے پُر جوش ہوں۔ ان کی آمد آسام کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا طاقتور مظاہرہ ہوگی۔‘‘
گگوئی نے کہا کہ یہ دورہ کانگریس پارٹی کی انصاف، ہم آہنگی اور سب کے لیے جامع ترقی کے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔ ان کے بقول، ’’ایسے نازک وقت میں جب جمہوریت اور سیکولر اقدار پر دباؤ ہے، راہل گاندھی اور کھڑگے کی موجودگی ہر اس کارکن اور شہری کو حوصلہ دے گی جو ایک بہتر مستقبل کا خواب دیکھ رہا ہے۔‘‘
ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی سیاسی امور کی کمیٹی سے ملاقات کے بعد آسام کے قبائلی طبقوں کی نمائندگی کرنے والے ایک خصوصی وفد سے بھی ملیں گے۔ اس ملاقات کا مقصد قبائلی برادریوں کے مسائل کو براہ راست سننا اور انہیں پارٹی کی ترجیحات میں شامل کرنا ہے۔
آسام کا یہ دورہ صرف انتخابی حکمت عملی تک محدود نہیں بلکہ ریاستی تنظیم میں نئی جان ڈالنے، مقامی قیادت کو متحرک کرنے اور مرکزی قیادت و کارکنان کے درمیان براہ راست مکالمے کا ذریعہ بھی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں آسام پردیش کانگریس کمیٹی میں تنظیم نو کے بعد پارٹی کے اندرونی ماحول میں ایک نئی توانائی دیکھی گئی ہے اور راہل گاندھی کا یہ دورہ اسی تسلسل کی ایک کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، اس دورے کے بعد آسام میں کانگریس کی آئندہ انتخابی مہم کے خدوخال واضح ہو جائیں گے۔