جی ڈی پی کریش، ریکارڈ بے روزگاری، تیل کی قیمتیں آسمان پر، مزید کتنے طریقوں سے ملک کو لوٹے گی بی جے پی؟ کانگریس کا سوال

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ملک میں بے روزگاری کی حالت، جی ڈی پی اور پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر مرکز کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے بھی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پرینکا گاندھی-راہل گاندھی
پرینکا گاندھی-راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی مودی حکومت کو مختلف ایشوز پر آئینہ دکھاتے رہتے ہیں۔ کورونا ویکسین ہو، لاک ڈاؤن ہو یا ملک کی معاشی حالت کو بہتر کرنے کی بات ہو، ہر بار راہل گاندھی مرکزی حکومت کو صلاح دیتے رہتے ہیں۔ ساتھ ہی مودی حکومت کی پالیسیوں کو لے کر سوال بھی کھڑے کرتے رہتے ہیں۔ ایک بار پھر راہل گاندھی نے ملک میں بے روزگاری کی حالت، جی ڈی پی اور پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر مرکز کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر لکھا ہے کہ ’’ملک کی جی ڈی پی کریش ہو رہی ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ایندھن کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ بی جے پی مزید کتنے طریقوں سے ملک کو لوٹے گی؟‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی پٹرول-ڈیزل پر بے تحاشہ ٹیکس لگائے جانے کو لے کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’وبا کے دوران مودی حکومت نے پٹرول-ڈیزل پر ٹیکس وصول کیا- 2.74 لاکھ کروڑ روپے۔‘‘ اس کے بعد انھوں نے ان (2.74 لاکھ کروڑ روپے) سے کیا کیا چیزیں عوام کو مل سکتی تھیں، اس کی تفصیل پیش کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ان پیسوں سے پورے ہندوستان کو ویکسین (67 ہزار کروڑ)، 718 اضلاع میں آکسیجن پلانٹ، 29 ریاستوں میں ایمس اسپتال، اور 25 کروڑ غریبوں کو 6000 روپے کی مدد مل سکتی تھی، لیکن کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔


قابل ذکر ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف جمعہ کو کانگریس نے ملک بھر میں پٹرول پمپوں پر مظاہرہ کیا۔ ایک دن قبل کانگریس پارٹی کی طرف سے اس کا اعلان کیا گیا تھا۔ دہلی میں ہی درجن بھر مقامات پر کانگریس لیڈران نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کیا۔ کانگریس لیڈران گھوڑا گاڑی پر سوار ہو کر مودی حکومت کے خلاف یہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔