رابڑی دیوی اور تیج پرتاپ ای ڈی کے دفتر میں ہوئے پیش، لالو پرساد سے کل ہو سکتی ہے پوچھ تاچھ
بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی آج صبح پٹنہ کے ای ڈی دفتر پہنچیں۔ ریلوے میں مبینہ نوکری کے بدلے زمین گھوٹالے کے معاملے میں ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔

رابڑی دیوی/ آئی اے این ایس
راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو کی اہلیہ اور بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی منگل کو صبح پٹنہ کے ای ڈی دفتر پہنچیں۔ ریلوے میں مبینہ نوکری کے بدلے زمین گھوٹالے کے معاملے میں ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ان کے بیٹے تیج پرتاپ یادو بھی دوپہر سوا بارہ بجے ای ڈی کے دفتر میں پیش ہوئے۔ ان سے اس معاملے میں پہلی بار پوچھ تاچھ ہو رہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو بھی سمن جاری کیا ہے۔ ان سے بدھ (19 جنوری) کو پوچھ تاچھ کی جا سکتی ہے۔
لالو پرساد کے کنبہ کے اراکین سے پوچھ تاچھ سے پہلے پٹنہ واقع ای ڈی دفتر کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی۔ رابڑی دیوی کے دفتر پہنچنے کے دوران بڑی تعداد میں آر جے ڈی کے کارکنان بھی ای ڈی کے دفتر کے باہر جمع ہو گئے۔ سابق وزیر اعلیٰ کو تحفظ کے سخت انتظام میں دفتر کے اندر لے جایا گیا۔ ان کے ساتھ آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی بھی موجود رہیں۔
واضح رہے کہ بہار میں اکتوبر-نومبر میں اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اس درمیان لالو کنبہ کے اراکین سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ پر سیاست گرم ہو گئی ہے۔
لالو پرساد پر الزام ہے کہ 09-2004 کے درمیان ان کے وزیر ریل رہتے ہوئے ریلوے کے گروپ ڈی کے عہدوں پر ضابطوں کی اندیکھی کرتے ہوئے کئی امیدواروں کو نوکری پر رکھا گیا تھا۔ اس کے بدلے میں لالو اور کنبہ و ان کے قریبیوں کے نام پر بیش قیمتی زمینیں کم سے کم قیمتوں پر لکھوائی گئی تھیں۔ سی بی آئی اس مقدمہ کے فوجداری پہلو کی جانچ کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔